قلعہ سیف اللہ: لیویز اہلکاروں کے قتل کے خلاف احتجاج جاری

190

قلعہ سیف اللہ لیویز اہلکاروں کی قتل کے خلاف دھرنا اور احتجاج پی ٹی ایم کے رہنماؤں و کارکنوں کی شرکت

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق قلعہ سیف اللہ میں لیویز اہلکاروں کے قتل کے خلاف احتجاج میں پشتون تحفظ موؤمنٹ کے کارکنان بھی شریک۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ میں چار لیویز اہلکاروں کے قتل کے خلاف شہر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔ اہلکاروں کے قتل کے خلاف علاقہ مکینوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ اور ریلی نکالی گئی۔ قلعہ سیف اللہ کے علاوہ لورالائی اور ژوب کے شہر بھی اسی واقعے کے خلاف مکمل طور پر بند رہے۔

مزید اطلاعات کے مطابق قلعہ سیف اللہ میں گزشتہ روز ہونے والے احتجاجی جلسے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ لیویز اہلکاروں کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے پشتون علاقوں میں طالبانائزیشن کے فروغ کو فی الفور روکنے کےلیے اقدامات کیے جائے۔

اسی واقعے کے خلاف قلعہ سیف اللہ پریس کلب کے سامنے پشتون تحفظ موؤمنٹ کے کارکنوں نے دو دن تک دھرنا بھی دیا۔ اس دھرنے میں قلعہ سیف اللہ کے علاوہ کوئٹہ، لورالائی، ژوب اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت دیگر علاقوں سے پی ٹی ایم کے کارکنوں اور رہنماؤں نے شرکت کی۔

واضح رہے قلعہ سیف اللہ میں گذشتہ ہفتے رونماء ہونے والے دو مختلف واقعات میں لیویز کے ایک رسالدار میجر سمیت چار اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ اس سے قبل پشین میں بھی ایک بم حملے میں تین لیویز اہلکار ہلاک ہوئے تھے، ان حملوں کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی ۔