قلات: مسلح افراد کے ہاتھوں ایک بلوچ خاتون اغواء

140

قلات چھپر سے مسلح افراد نے گھر میں گھس کر ایک خاتون کو اغواء کر لیا۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے قلات کے علاقے چھپر میں محمد اعظم سمالانی کے گھر پر حملہ کرکے انکی بیٹی کو اغواء کرلیا۔

علاقائی ذرائع کے مطابق مسلح افراد کا تعلق سرکاری سرپرستی میں چلنے والے اُس مسلح گروپ سے ہے جس کی سربراہی قمبر خان مینگل کررہا ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ بلوچ آزادی پسند تنظیموں کے خلاف سرکار کا ساتھ دینے کے بدلے قمبر مینگل کو علاقے کا مکمل کنٹرول دے دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے قلات و سوراب میں اکثر اوقات مرکزی شاہراہ پر مسافروں کو لوٹنے کے ساتھ ساتھ علاقے کے غریب چرواہوں اور کسانوں کو بھی لوٹا جارہا ہے۔ اسکے ساتھ ہی علاقے سے بلوچ خواتین کے اغواء اور قتل کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

واضح رہے رواں سال اپریل میں بھی قلات کے علاقے شور پارود میں مسلح گروپ کے کارندوں نے ایک گھر پر دھاوا بول کر فائرنگ کرکے ایک خاتون کو بے دردی سے قتل کردیا تھا، قتل ہونے والے خاتون کی شناخت بی بی بیگم ولد موسی ٰکے نام سے ہوئی تھی، جس کے بعد متاثرہ خاندان کا کہنا تھا کہ بی بی بیگم کے قتل میں قمبر مینگل کا بڑا بیٹا پسند مینگل براہ راست ملوث تھا۔