قلات: بم دھماکے میں ‘باپ’ رہنما رحیم ساسولی کے بھائی ہلاک

404

بم دھماکے میں ہلاک ہونیوالے شخص کی شناخت سرفراز ساسولی کے نام سے ہوئی ہے۔

دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے نیمرغ میں بم دھاکے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت میر سرفراز ساسولی کے نام سے ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع قلات کے علاقے نیمرغ میں میرسرفراز احمد ساسولی موٹر سائیکل پر اپنے گھر جارہے تھے کہ انہیں نامعلوم افراد کی جانب سے نصب کیئے گیئے دھماکہ خیز مواد سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں میر سرفراز ساسولی موقعے پر ہی ہلاک ہوگئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول سے کیا گیا ہے۔

واضح رہے ہلاک ہونیوالا شخص بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے رہنماء میر عبدالرحیم ساسولی کا بھائی ہے جبکہ میر عبدالرحیم ساسولی پر قوم پرست حلقوں کی جانب سے الزام عائد کیا جاتا رہا ہے کہ وہ قلات کے علاقے نیمرغ میں مبینہ طور پر ریاستی سرپرستی میں چلنے والی ڈیتھ اسکواڈ کی سربراہی کرتے رہے ہیں۔

میر عبدالرحیم ساسولی پر اس سے پہلے متعدد بار بلوچ مسلح تنظیموں کی جانب سے حملے کیئے جاتے رہے ہیں جبکہ 2015 میں نیمرغ ہی کے علاقے میں میر عبدالرحیم ساسولی کو بھی ریموٹ کنٹرول بم حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں وہ محفوظ رہے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی۔ تاہم آج ان کے بھائی پر ہونیوالے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔