شمالی و جنوبی وزیرستان : ٹارگٹ کلنگ میں 5 افراد قتل

123

شمالی و جنوبی وزیرستان میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران خاتون سمیت  پانچ افراد کو قتل کردیا گیا ہے جن میں تین کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق پہلا واقعہ  شمالی و جنوبی وزیرستان کی سنگم پر واقعہ  شوال اڈا کے قریب رونما ہوا جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہو گئے، مقتولین کی شناخت اسرار اور وہاب الرحمان کے نام سے ہوئی ہے۔

 دوسری واردات شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کے علاقے میں ہوئی۔ تحصیل میر علی کے علاقے شیراتلہ میں نامعلوم افراد نے رات کے وقت گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد چل بسے جن میں والدہ ، بیٹا اور داماد شامل ہیں۔

 ابھی تک کسی جانب سے ان واقعات کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی اور نہ ہی قتل کی وجوہات سامنے آئی ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق دونوں واقعات ٹارگٹ کلنگ ہیں۔ حالیہ دنوں میں شمالی اور جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں تیزی آئی ہے۔