فرنٹیئر کور دکی کول مائنز معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بےجا مداخلت کررہی ہے، مداخلت بند کی جائے بصورت دیگر کوئلے کی ترسیل بند کردینگے- ٹھیکیداروں کی پریس کانفرنس
دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق دکی کول مائنز کے ٹھیکیداروں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرنٹیئر کور دکی کول مائنز معاہدے کے برعکس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بے جا مداخلت کررہی ہے جبکہ کول مائنز معاہدے میں ٹرکوں کی حفاظت کے نکات شامل تھے۔
پریس کانفرنس کرنے والوں میں کول مائنز پیٹی ٹھیکیدار محمد ایوب ناصر, سردار زادہ محمد صادق ناصر, حاجی عزت خان ناصر, حاجی مجید موسی خیل, حاجی سعید اللہ ناصر, مولانا سید اکبر, حاجی کلیم ناصر اور دیگر شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایف سی معاہدے پر عملدرآمد کے بجائے کوئلہ کان میں حادثات کی صورت میں کوئلہ کان بند کردیتی ہے اور حادثے میں مرنے والے کانکنوں کے نام پر ٹھیکداروں سے ڈھائی لاکھ روپے کا مطالبہ کیا جاتا ہے جبکہ حادثات میں مرنے والے تمام کانکنوں کے لواحقین کو ہم باقاعدہ طور پر معاوضہ فراہم کرتے ہیں۔
ٹھیکداروں کا کہنا ہے کہ کوئلہ کانوں کو چیک کرنا فرنٹیئر کور کا نہیں بلکہ محکمہ مائنز کا کام ہے۔ کوئلہ کانوں کی بندش کی وجہ سے ٹھیکیداروں کو لاکھوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا ایف سی کوئلہ کانوں میں بے جا مداخلت بند کریں، بصورت دیگر ہم مجبوراً کوئلے کی ترسیل بند کرکے ایف سی کے خلاف عدالت سے رجوع کرینگے۔
واضح رہے بلوچستان کے کوئلہ کانوں میں مزدورں کے حفاظت کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ کوئلہ کانوں میں زہریلی گیس بھر جانے اور دوسرے حادثات کی وجہ سے بہت سے کانکن جانبحق اور زخمی ہوچکے ہیں۔
گذشتہ روز بھی ضلع دکی میں کوئلے کی کان میں زہریلی گیس کے باعث 2 کان کن جاں بحق اور 2 بیہوش ہو گئے تھے۔ حادثے میں جاں بحق اور بے ہوش کان کنوں کو کوئٹہ سول اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔
اسپتال انتظامیہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کان کنوں کی موت دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی تاہم بے ہوش ہونے والے کان کنوں کی حالات خطرے سے باہر ہے