دپیکا اور رنویر کی شادی سندھی روایات کے مطابق ہوگی

441

گذشتہ ماہ 15 اگست کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ بولی وڈ ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی رواں برس 20 نومبر کو ہوگی۔

فلم فیئر نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ رنویر اور دپیکا کی شادی 20 نومبر کو اٹلی میں ہوگی، جس میں صرف 30 افراد شامل ہوں گے۔

اس خبر کے ایک دن بعد یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ان کی شادی میں موبائل فون لانے پر پابندی ہوگی۔

اگرچہ دونوں نے تاحال منگنی بھی نہیں کی، تاہم ان کی شادی کی تاریخ سامنے آگئی ہے۔

ان کی شادی کے حوالے سے یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ دونوں کی شادی روایتی ہندوستانی طریقے کے تحت ہی ہوگی۔

لیکن اب ان دونوں کی شادی کے حوالے سے تازہ خبر یہ ہے کہ ان کی شادی خالصتا سندھی روایات کے مطابق ہوگی۔

نشریاتی ادارے مڈ ڈے نے نے اپنی خبر میں بتایا کہ اطلاعات ہیں کہ رنویر اور دپیکا کی شادی سندھی روایات کے مطابق ہوگی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ رنویر سنگھ کے گھر والے چاہتے ہیں کہ ان کی شادی سندھی روایات کے مطابق ہو۔

رپورٹ کے مطابق ان کی شادی میں سندھی کمیونٹی کی شادی کی خاص رسم ‘سانتھ’ بھی ادا کی جائے گی۔

اس خصوصی رسم کے تحت دولہے کے قریبی دوست اور رشتہ دار خوشی کے غرض سے دولہا کے پرانے کپڑے پھاڑ دیتے ہیں اور انہیں نیا جوڑا پہنا کر تیار کیا جاتا ہے۔

یہ رسم نہ صرف سندھی کمیونٹی بلکہ بھارت کی دیگر کمیونٹیز میں بھی منائی جاتی ہے۔

سندھی روایتی شادی میں اسی سے ملتی جلتی ایک اور رسم بھی ہوتی ہے، جس کے تحت دولہا کے بہترین رازدار دوست (بیسٹ مین) کے بھی کپڑے پھاڑے جاتے ہیں۔

نشریاتی ادارے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اگرچہ رنویر سنگھ کے خاندان نے روایتی سندھی طریقے سے شادی کی رسومات ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے، تاہم تاحال اس حوالے سے جوڑے نے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

خیال رہے کہ رنویر سنگھ کا تعلق سندھی فیملی سے ہے، ان کے پڑدادا تقسیم بر صغیر کے بعد سندھ کے دارالحکومت کراچی سے ممبئی منتقل ہوئے تھے۔

رنویر سنگھ 1985 میں ممبئی جگجیت سنگھ بھوانی کے گھر پیدا ہوئے، اداکار کا پورا نام رنویر سنگھ بھوانی ہے۔

دپیکا پڈوکون کی پیدائش ہند آریائی خاندان میں یورپی ملک ڈینمارک میں ہوئی۔

اداکارہ کے والد پرکاش پڈوکون بیڈمنٹن کے بہترین کھلاڑی رہے ہیں۔