خاران: فورسز کا سرچ آپریشن، گھروں پر چھاپے

91

خاران میں فورسز کا سرچ آپریشن، دوران آپریشن شہر کے تمام راستے سیل، گھر گھر تلاشی لی گئی۔

دی بلوچستان پوسٹ نمائندہ خاران کے مطابق شہر میں فورسز نے آج آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔ دوران آپریشن مختلف علاقوں میں فورسز کی جانب سے گھروں پر چھاپے مارے گئے۔

فورسز کی جانب سے علاقے کو مکمل محاصرے میں لیکر ہر قسم کی آمد و رفت پر پابندی عائد کردی گئی۔

آپریشن ہندو محلہ، واپڈا کالونی سمیت پوری خاران شہر میں کیا جارہا ہے۔ تاہم ابھی تک کسی قسم کی گرفتاری کی اطلاعات موصول نہیں ہوسکی ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز خاران کے مرکزی بازارمیں واقع بینک کے قریب فورسز کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے دستی بم سے حملہ کیا تھا جس کی ذمہ داری بلوچ مسلح آزادی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان جیئند بلوچ نے قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایف سی کے گاڑی پر دستی بموں سے حملہ کرکے دو ایف سی اہلکار ہلاک اور متعدداہلکاروں کو زخمی کیا۔

جیئند بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ حملے کے بعد ایف سی اہلکاروں نے حواس باختہ ہوکر عام عوام پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد عام شہری زخمی ہوئے۔

یاد رہے اس سے قبل میں ضلع خاران کے مختلف علاقوں میں فورسز کی جانب سے آپریشن کیئے جاچکے ہیں جن میں کئی افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔