بھارت پاکستان کو شکست دیکر ایشا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

285

دبئی: بھارت نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے ایک میچ میں پاکستان کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت نے پاکستان کے 238 رنز کے ہدف کو محض ۔۔ اوورز میں پورا کرلیا۔

بھارت کی جانب سے دونوں اوپنرز روہت شرما اور شکھر دھون میں شاندار سنچریاں اسکور کیں اور پاکستانی گیند بازوں کے خلاف گراؤنڈ کے چاروں طرف شاندار شاٹس لگائے۔

گزشتہ میچ کی طرح پاکستانی فیلڈرز نے بھارتی بلے بازوں کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے دو کیچز ڈراپ کیے۔

پاکستانی بولرز کی بے بسی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ کوئی بھی بولر ایک وکٹ بھی حاصل نہ کرسکا۔ اننگز کی واحد وکٹ رن آؤٹ کی صورت میں گری۔

اس سے قبل پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹںگ کا فیصلہ کیا تو امام الحق اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔

دونوں اوپننگ بلے بازوں نے محتاط انداز اپنایا اور بھارتی بولروں کے خلاف بڑی شارٹس لگانے سے گریز کیا تاہم آٹھویں اوور میں امام الحق یزویندرا چاہل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے، وہ 10 رنز ہی بناسکے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے بلے باز فخر زمان تھے جو کریز پر اپنا توازن کھو بیٹھے کلدیپ یادیو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جبکہ بابر اعظم 9 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

تین کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد شعیب ملک اور کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کو سنبھالا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 107 رنز کی شراکت قائم ہوئی، 165 کے مجموعی اسکور پر سرفراز احمد 44 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

شعیب ملک نے بھی 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 78 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، وہ جسپریت بھمراہ کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔

شعیب ملک کے بعد آصف علی اچھے آغاز کے باوجود اپنی اننگز کو آگے لیکر نہ جاسکے اور 30 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر یزویندرا چاہل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

آصف علی کے آؤٹ ہونے کے بعد انڈین گیند بازوں نے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرتے ہوئے اختتامی اوورز میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کو تیزی سے رنز اسکور کرنے سے باز رکھا۔

پاکستانی بلے باز بمشکل 237 رنز ہی بناپائے۔ اختتامی اوورز میں بھارتی بولرز کے غلبے کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ آخری 7 اوورز میں پاکستان صرف 38 رنز ہی بنا پایا۔

بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ، یزویندرا چاہل اور کلدیپ یاودیو نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹاس جیتنے کے بعد کپتان سرفراز کا کہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے اور کوشش ہوگی کہ آغاز اچھا ہو اور بڑا مجموعہ کر کے بھارت کو ہرایا جائے۔

بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ کھلاڑی بھرپور فارم میں ہیں اور آج میچ کے لیے مکمل تیار ہیں اس لیے میچ جیتنے کی کوشش کریں گے اور ہمیں اسی طرح بولنگ کرنی ہے جس طرح کرتے آرہے ہیں۔

سپر فور مرحلے میں ایشیا کپ کے ایک اور میچ میں بنگلہ دیش اور افغانستان مدمقابل ہیں۔

آج کے اہم میچ میں جس ٹیم نے کامیابی حاصل کی اس کی ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی کی راہ ہموار ہوجائے گی اور ہارنے والی ٹیم کے لیے اگر مگر کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔