بولان کی تحصیل مچھ میں مقامی کول کمپنی کے ایک کان میں کام کے دوران دم گھٹنے سے دوکان کن جان بحق ہوگئے ۔
انسپکٹرمائنز مچھ عبدالرشیدابڑو کے مطابق واقعہ مچھ کے قریب پنڈرگڈ کول کمپنی کے ایک کوئلہ کان میں پیش آیا جہاں کانکن تین سو فٹ گہرائی میں کام کررہے تھے ۔ کان میں آکسیجن کم ہونے کے باعث کام میں مصروف کانکن دم توڑ گئے ۔
انہوں نے بتایا کہ عید کی چھٹیوں کی وجہ سے کوئلہ کانیں بند تھیں اور متاثرہ کان میں بغیر بتائے کام شروع کیاگیا کان میں ہوا کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے پنکھے بھی موجود تھے تاہم کوئلہ کان انتظامیہ کی جانب سے انہیں چلایا نہیں گیا جس کی وجہ کان میں آکسیجن کی کمی پیدا ہوئی۔
لاشوں کو کئی گھنٹے کی کوششوں کے بعد نکال کرورثاء کے حوالے کردیا گیا، جاں بحق کانکنوں کی شناخت ہزارہ ٹاؤن کوئٹہ کے رہائشی محمد حنیف اور پشین کے رہائشی محمد گل کے نام سے ہوئی ہے،مائنز انسپکٹر نے متاثرہ کوئلہ کان کو سیل کردیا ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں کوئلہ کانوں میں مزدوروں کی جانوں کے تحفظ کیلئے مناسب انتظامات اور آلات نہ ہونے کی وجہ سے حادثات معمول ہیں۔ 12 اگست کو کوئٹہ کے نواحی علاقے سنجیدی کوئلہ کان میں گیس بھرجانے سے ہونےوالے دھماکے سے کان کا ایک حصہ بیٹھ گیا اور اس کے نتیجے میں پانچ ریسکیو اہلکاروں سمیت اٹھارہ کانکن جان کی بازی ہار گئے۔