ایشیا کپ: بھارت اور افغانستان کے درمیان میچ برابر

345

دبئی: ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں بھارت اور افغانستان کا میچ برابر ہوگیا

افغانستان نے ایشیا کپ میں اپنے آخری میچ میں بھارت کو جیتنے کے لیے 253 رنز کا ہدف دیا تاہم بھارتی ٹیم مقررہ اوورز میں 252 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

بھارت اب تک ایونٹ میں ناقابل شکست ہے اور پہلے ہی فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکا ہے۔

فائنل میں بھارت کا مقابلہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔

پریکٹس میچ کی حیثیت کے اس میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ ابتدائی طور پر کافی بہتر ثابت ہوا۔

افغانستان کی ٹیم پاکستان اور بنگلہ دیش کے خلاف شکست کے بعد پہلے ہی ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے جب کہ بھارتی ٹیم اپنے دونوں ابتدائی میچ جیت کر فائنل میں پہنچ چکی ہے۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں افغان اوپنر محمد شہزاد نے جارحانہ بیٹنگ کی اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 65 رنز بنائے لیکن  اس کے بعد 81 ، 82 اور 82 رنز پر اس کی تین مزید وکٹیں گر گئیں۔

ایک جانب سے وکٹیں گرنے کے باوجود محمد شہزاد کا بلا رنز اگلتا رہا اور انہوں نے بھارت کے خلاف اپنی پہلی اور مجموعی طور پر پانچویں سنچری اسکور کی۔ وہ 116 گیندوں پر 124 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے بھی بہترین بلے بازی کی اور 56 گیندوں پر 64 رنز کی اننگز کھیلی۔

بھارت کے روندرا جادیو نے 46 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ کلدیپ یادیو نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں پانچ جب کہ افغان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں۔

روہت شرما کی جگہ ٹیم کی قیادت مہندرا سنگھ دھونی کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بھارت نے شیکر دھون، بھوی، بمراہ اور چاہل کو بھی آرام کا موقع دیا ہے۔

افغانستان کے کپتان اصغر افغان کا ٹاس جیتنے پر کہنا تھا کہ بھارتی کھلاڑی اسپن کے خلاف بہت اچھا کھیلتے ہیں، اس لیے ان کی کوشش ہوگی کہ وہ اچھا اسکور کریں اور مخالف ٹیم کو دباؤ میں لے کر آئیں۔

افغان کپتان نے کہا کہ ان کی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں کافی اچھا کھیلا ہے اور انہیں بہت سیکھنے کا موقع ملا ہے۔

یاد رہے کہ کل پاکستان اور بنگلہ دیش کے خلاف میچ کی فاتح ٹیم بھارت کے خلاف فائنل کھیلے گی۔