ایشیا کپ: افغانستان نے بنگلادیش کو 136 رنز سے شکست دے دی

206

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ کے گروپ میچ میں افغانستان نے بنگلا دیش کو 136 رنز سے شکست دے دی۔

 ایشیا کپ کے چھٹے میچ میں افغانستان نے بنگلادیش کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جیت کے لیے 256 رنز کا ہدف دیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

افغانستان نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے۔ حشمت اللہ شاہدی 58 بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ راشد خان 57 اور گلبدین نائب 42 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

جواب میں پر بنگلا دیش کی پوری ٹیم 119 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں افغانستان یہ میچ 136 رنز سے جیت گیا۔

بنگلادیش کی جانب سے شکیب الحسن 32 رنز بناکر نمایاں کھلاڑی رہے جبکہ افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان، گلبدین نائب اور راشد خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

راشد خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔راشد خان نے اپنی 20 ویں سالگرہ مین آف دی میچ ایوارڈ کے ساتھ منائی۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وکٹ بہت زیادہ تبدیل ہوتی ہے، ہر میچ کے لیے الگ وکٹ ہے۔

یاد رہے کہ گروپ ‘بی’ میں شامل بنگلادیش اور افغانستان کی ٹیمیں سری لنکا کو شکست دینے کے بعد پہلے ہی سپر فور مرحلے میں پہنچ چکی ہیں۔

ایونٹ کا سپر فور مرحلہ جمعے سے شروع ہورہا ہے، جمعے کو دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں بھارت کا مقابلہ بنگلادیش سے ہوگا جبکہ دوسرے میچ میں پاکستان افغانستان سے ٹکرائے گا۔

افغانستان کو ایشیا کپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں ہانگ کانگ کے بعد کمزور ترین ٹیم تصور کیا جارہا تھا تاہم اس نے پہلے سری لنکا اور اب بنگلادیش کو شکست دے کر اس تاثر کو غلط ثابت کردیا ہے۔