ایرانی حکومت کا تختہ الٹ دیں گے – امریکہ

248

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وکیل روڈی جولیانی نے کہا ہے کہ ایران پر امریکی پابندیوں سے اقتصادی ’درد‘ ہوگا جو بتدریج ’کامیاب انقلاب‘ تک لے جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے نہیں معلوم ہے کہ ہم کب ایران کا تختہ الٹ دیں گے‘۔

روڈی جولیانی نے اپنے خیالات کا اظہار ایران حکومت مخالف تنظیم آرگنائزیشن آف ایران اینڈ امریکن کمیونٹی کے زیر اہتمام ایرانی مزاحمت سمٹ میں ذاتی حیثیت میں کیا۔

انہوں نے ٹائمز اسکوئر کے ہوٹل میں لوگوں کی بڑی تعداد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’اس عمل میں چند دن، مہینے یا ایک دو سال بھی لگ سکتے ہیں، لیکن ایسا ہو کر رہے گا‘۔

واضح رہے کہ روڈی جولیانی ٹرمپ انتظامیہ کے حامی سمجھے جاتے ہیں لیکن ان کا بیان ٹرمپ پالیسی سے متضاد سمجھا جارہا ہے۔

ایرانی معیشت پر امریکی پابندیوں کے باوجود ٹرمپ انتظامیہ ایرانی حکومت کی تبدیلی کی خواہاں نہیں ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی جوہری معاہدے سے رواں برس مئی میں دستبرداری کا اعلان کیا اور ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کیں تاہم اب 4 نومبر سے ایرانی تیل بھی قدغن کی اطلاعات ہیں۔

ٹرمپ انتظامیہ کا خیال ہے کہ پابندیوں کی زد میں آکر ایران اپنا جوہری پروگرام معلطل کرنے سمیت مشرق وسطیٰ میں ’جنگی جارحیت‘ سے باز رہے گا۔

دوسری جانب گذشتہ ماہ اقوام متحدہ نے رپورٹ پیش کی کہ ایران نے اپنے جوہری پروگرام کو 2015 کے معاہدے تک محدود رکھا ہے۔

ٹرمپ کی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے اگست میں کہا تھا کہ ایران میں ’حکومتی تبدیلی‘ امریکی پالیسی کا ایجنڈا نہیں ہے لیکن ٹرمپ اتنظامیہ حکومتی رویہ میں بڑی تبدیلی چاہتی ہے۔

ایران کے روحانی رہنما آیت اللہ خامنہ ای نے الزام عائد کیا تھا کہ امریکا کی کٹھ پتلی ریاستیں ایران میں انتشار پھیلانا چاہتی ہیں اورفوجی پریڈ پر حملے کی ذمہ داری امریکی حمایتی خلیج ریاستوں ملوث ہیں۔

واضح رہے کہ 23 سمتبر کو جنوب مغربی ایران میں فوجی پریڈ پر حملے میں پاسداران انقلاب کے 8 گارڈز سمیت 24 افراد جاں بحق اور 20 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

ٹرمپ کے وکیل روڈی جولیانی نے کہا کہ ایران کے لوگوں نے یقیناً بہت کچھ برداشت کیا، اقتصادی پابندی سے نتائج سامنے آرہے ہیں، کرنسی کی قدر میں کمی ہور ہی ہے، ایسے تمام اقدامات کامیاب انقلاب کی جانب لے جائیں گے۔

اس سے قبل روڈی جولیانی نے کہا تھا کہ ایران پر مزید پابندی حکومتی رویہ میں تبدیلی آئے گی۔

پیرس میں نیشنل کونسل آف ایران مزاحمت کی جانب سے منعقد کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسی ایرانی آیت اللہ کا دم گھونٹ دی گی۔