نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجما ن نے عمران خان کے افغان اور بنگلہ دیشی مہاجرین کو پاکستانی شہریت دینے کے بیان کو انتہائی مضحکہ خیز ،اشتعال انگیز ، غیر ذمہ دارانہ اور ملک کو مزید بحرانوں میں مبتلا کر نے کی دانستہ اور شعوری کوشش قرار دیا ہے۔
،ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان کثیر القوامی قومی وحدتوں پر مشتمل فیڈریشن ہے ہر قوم کی ایک شناخت، تشخیص ،ثقافت ،زبان اور سرزمین ہے کوئی بھی قوم یا قومی وحدت لاکھوں کی تعداد میں موجود مہاجرین کو اپنی سر زمین پر شہریت دینے یا مکمل بسانے کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دے گی ۔
اس قسم کے غیر ذمہ دارانہ رویے سے پاکستان مزید انتشار کا شکار ہوگا جبکہ موجودہ حالات میں پاکستان پہلے ہی سنگین معاشی ،اقتصادی ، داخلی ،خارجی اور سیاسی بحرانوں کو بھنور میں پھنس چکا ہے۔
،عمران خان کو چاہیے تھا کہ پاکستان میں موجود لاکھوں غیر ملکی عناصر جو ہماری قومی معیشت پر بوجھ، امن و امان کی خرابی کے ذمہ دار ،بے روزگاری کا باعث ہیں ان کو باعزت طریقے سے ان کے آبائی وطن واپس بھجواتے الٹا انہوں نے انہیں شہریت دینے کا اعلان کر کے ایک نیا پنڈورا بکس کھول دیا ہے ۔
ترجمان نے کہاکہ نیشنل پارٹی عمران خان کے اعلا ن کو بلوچستان اور اپنی قومی شناخت وسرزمین کے خلاف انتہائی گھناؤنی سازش سمجھتی ہے اور اس کی بھر پور سیاسی مذاحمت کر ے گی ۔