اشتہارات کی بندش پرنٹ میڈیا پر قاتلانہ حملہ ہے – ایڈیٹرز کونسل بلوچستان

156

بلوچستان ڈیلی نیوز پیپرز ایڈیٹرز کونسل نے حکومت بلوچستان کی جانب سے پرنٹ میڈیا کو اشتہارات کی مکمل بندش پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے جان بہ لب انڈسٹریز پر قاتلانہ حملہ قرار دیا ہے۔

یہاں جاری کئے گئے بلوچستان ڈیلی نیوز پیپرز ایڈیٹرز کونسل کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاق کی جانب سے ایک مبہم فیصلے کے بعد بلوچستان کی بیورو کریسی نے شاہ سے زیادہ شاہ کی وفاداری دکھا کر ایک سنگین قدم اُٹھایا ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ بیورو کریسی کے سخت اور غیر منصفانہ رویئے کی وجہ سے بلوچستان کے اخبارات کافی عرصے سے زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں طے شدہ پالیسی کے تحت ایک طرف اخبارات کے بل ادا نہیں کئے جارہے ہیں ۔

دوسری طرف ایک مبہم فیصلے کی آڑ لے کر بیورو کریسی اشتہارات کی بندش کے ذریعے صوبے کی اخباری صنعت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکنا چاہتی ہے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاق کی جانب سے تین صوبوں کو یہ ڈکٹیٹ کرنا کہ میڈیا کو اشتہارات جاری نہ کئے جائیں صوبائی خود مختاری میں مداخلت اور آئین کی سراسر خلاف ورزی ہے ۔

اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وفاقی حکومت ملک میں عملاً ون یونٹ نافذ کرنا چاہتی ہے اور غیر جمہوری ممالک کی طرز پر میڈیا کا گلا گھونٹ کر اپنی مرضی کا میڈیا میدان میں لانا چاہتی ہے جو کہ قابل مذمت عمل ہے۔ بیان میں زور دیا گیا ہے کہ وفاق اور بلوچستان حکومت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں تاکہ صوبے کی واحد صنعت جس سے ہزاروں کارکن وابستہ ہیں بے روزگاری کا شکار نہ ہو۔ ورنہ ایک مشترکہ لائحہ عمل کے تحت احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر عائد ہوگی۔