کینیڈا :مسلح شخص کی فائرنگ سے چار افراد ہلاک

137

کینیڈا کے مشرقی شہر فریڈریکٹن میں جمعہ کی صبح ایک مسلح شخص نے فائرنگ کرکے چار افراد کو ہلاک کردیا ہے۔پولیس نے اس مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔

فائرنگ کا یہ واقعہ شہر کے علاقے بروک سائیڈ میں پیش آیا ہے اور حکام نے علاقے کے مکینوں کو گھروں کے اندر ہی رہنے کی ہدایت کی ہے۔مکینوں نے درجنوں گولیاں چلنے کی اطلاع دی ہے۔

پولیس نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر چار ہلاکتوں کی اطلاع کے کوئی ایک گھنٹے کے بعد اپنے دوسرے پیغام میں بتایا ہے کہ اس نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔پولیس نے مزید بتایا ہے کہ مرنے والوں میں دو پولیس افسر بھی شامل ہیں۔ پولیس نے بروک سائیڈ کے علاقے کا گھیراؤ کر لیا ہے اور تحقیقات شروع کردی ہے۔

کینیڈا کے سرکاری نشریاتی ادارے سی بی سی نے بتایا ہے کہ صوبہ برونسوک کے دارالحکومت کے شمال میں واقع ایک رہائشی علاقے میں فائرنگ کا یہ واقعہ پیش آیا ہے۔ فوری طور پر فائرنگ کی وجہ سامنے نہیں آئی ہے کہ اس مشتبہ شخص نے فائرنگ کیوں کی ہے۔فائرنگ کے بعد نزدیک واقع بچوں کے ایک ڈے کیئر ، کافی شاپ اور دوسری دکانوں کو بند کردیا گیا۔

واضح رہے کہ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ایک مسلح شخص نے 22 جولائی کی رات ایک مصروف علاقے میں فائرنگ کردی تھی جس سے اٹھارہ اور دس سال عمر کی دو لڑکیاں ہلاک اور تیرہ افراد زخمی ہوگئے تھے۔سخت گیر موقف رکھنے والی شدت پسند تنظیم داعش نے اس حملے کی ذمے داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا لیکن کینڈیین پولیس نے کہا تھا کہ انھیں داعش کے اس واقعے میں ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔