کوئٹہ: کرپشن کا الزام، سابق ناظم مقبول لہڑی کیخلاف انکوائری کی منظوری

180

کوئٹہ میں سرکاری اراضی کی غیر قانونی لیز معاملہ میں سابق ناظم مقبول لہڑی کے خلاف کاروائی کی منظوری

(دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک)

کوئٹہ کے وسط میں واقع سرکاری اراضی کی غیر قانونی لیز کے معاملے میں چیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے سابق ناظم کوئٹہ میر مقبول لہڑی کے خلاف انکوائری کی منظوری دیدی۔

تفصیلات کے مطابق سابق ناظم کوئٹہ مقبول لہڑی نے ناظم کی حیثیت سے بلوچستان لوکل گورنمنٹ آرڈیننس2001 اور بلوچستان لوکل کونسل پراپرٹی رولز کے برخلاف سرکاری قیمتی زمین عتیق اور ہارون نامی اشخاص کو انتہائی کم داموں پر لیز پر دی۔

ڈی جی نیب بلوچستان نے مزکورہ کیس ناقابل تردید ثبوتوں کی روشنی میں چیرمین نیب کو بھیجا جسے منظور کرتے ہوئے سابق ناظم کے خلاف انکوائری کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

واضح رہے حال ہی میں ڈائر یکٹر جنرل قومی احتساب بیورو بلوچستان نے کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی جانب سے شہر کے وسط میں واقع انتہائی قیمتی سرکاری زمین کو کم قیمتوں پر لیز پر دینے کا نوٹس لیتے ہوئے ہارون اور عتیق پلازہ کی اراضی کو منجمد کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

نیب بلوچستان کے نوٹس لینے پر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن نے عتیق پلازہ اور ہارون نامی شخص کی اراضی کے معاہدے کو غیر قانونی تسلیم کرتے ہوئے قیمتی سرکاری اراضی کی لیز کا معاہدہ کینسل کر دیا اور اس ضمن میں مئیر کوئٹہ نے اراضی کی لیز کے معاہدے کی تنسیخ کا حکم نامہ بھی جاری کر دیا ہے۔

واضح رہے سابقہ ناظم میر مقبول لہڑی کو 2016 میں بھی نیب کی جانب سے اسی نوعیت کے الزامات کے تحت گرفتار کر کے جیل منتقل کردیا گیا تھا۔