کنگز پارٹیاں بنا کر بلوچستان کے ساحل و سائل کو لوٹنے کی کوشش ہورہی ہے ۔ حاصل بزنجو

248

بلوچستان ہمارا وطن ہے اور اس کے ساحل و وسائل اور گوادر کی اراضیات پر کسی کو میلی آنکھ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے

کوئٹہ: بلوچستان کو کالونی کے طور پر چلانا قبول نہیں ،کنگز پارٹیاں بناکر بلوچستان کے ساحل و وسائل کودونوں ہاتھوں سے لوٹنا چاہتے ہیں بلوچستان کے ساحل و وسائل اور گوادر کی اراضیات پر کسی کو میلی آنکھ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے ،بلوچستان ہمارا وطن ہے اس کے وسائل کی حفاظت ہمار ا نصب العین ہے۔

ان خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے مرکزی کمیٹی کے اجلاس کے دوسرے دن رہنماوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے مینڈیٹ پر جس طرح پورے ملک اور خصوصاً بلوچستان میں ڈاکہ ڈالا اس کی مثال پورے پاکستان کی انتخابی تاریخ میں نہیں ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر جن کو نوازا گیا ان سے مقصد کے کام لینا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کو پارلیمنٹ کی بالادستی کسی صورت قبول نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پارلیمنٹ و جمہوریت کے ساتھ ہونے کی سزا دی گئی جو ہمیں قبول ہے لیکن حکمران اس غلط فہمی سے بھی نکل جائیں کہ ان کو من مانیاں کرنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی نظر بلوچستان کے ریکوڈک اور ساحل بلوچستان کی اراضیا پر لگی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ پارلیمنٹ سے اٹھارویں ترمیم کو رول بیک کرنے کی کوششوں کی سخت مخالفت کریں گے جمہوری اداروں کی فتح کو ناکامی میں بدلنے کی ہرسازش کا مقابلہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی کوششوں کے باوجود مطلوبہ حمایت موجودہ حکومت کو حاصل نہیں ہوسکی ۔

حاصل خان بزنجو نے کہا کہ ملک بھر کی جمہوری و سیاسی قوتوں کے ساتھ ملکر بھر پور جدوجہد کریں گے اور دھاندلی سے قائم ہونے والی حکومت کو کسی قسم کی من مانی نہیں کرنے دیں گے۔نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ 2018ء کے انتخابات میں جن افراد نے پارٹی پالیسیوں کی خلاف ورزی کی ہے

انکے خلاف بھر پور تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تمام ضلعی تنظیموں کو ہدایت جاری کی گئی کہ وہ خلاف ورزی کرنے والے کارکنوں کو شوکاز نوٹس جاری کریں اور انکے خلاف مرکزی کمیٹی کو تحریرا آگاہ کریں نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی نے پارٹی کی مرکزی پالیسیوں کی خلاف ورزی پر سابق صوبائی وزیرخالد لانگو اور ٹھیکیدار زبیر رند کی رکنیت ختم کردی ۔