مند: فورسز نے ڈرائیور سمیت 2 افراد کو لاپتہ کردیا

166

مند سے فورسز نے ڈرائیور سمیت 2 افراد کو گرفتاری بعد لاپتہ کردیا

دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو موصول ہونے والی آمدہ اطلاعات کے مطابق تربت کے علاقے مند گوانک چیک پوسٹ پر فورسز نے لوکل گاڑی کو روک کر ڈرائیور سمیت 2 افراد کو گرفتاری بعد لاپتہ کردیا۔

لاپتہ کیئے جانیوالے ڈرائیور کی شناخت عید محمد ولد موسیٰ سکنہ مند کے نام سے ہوئی ہے جبکہ ان کے ساتھ حراست میں لیئے گئے افراد کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

واضح رہے کچھ روز قبل ضلع کیچ ہی کے علاقے کولواہ کے سگک چیک پوسٹ پر شناخت کے بعد ایک لوکل گاڑی ڈرائیور شاہ مراد ولد فقیر داد سکنہ کولواہ بلور کو حراست میں لیکر لاپتہ کردیا گیا تھا۔

بلوچستان میں جبری طور پر لاپتہ افراد کا مسئلہ سنگین شکل اختیار کرچکا ہے۔ بلوچ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے آواز اٹھانے والی تنظیموں کےمطابق 25 ہزار سے زائد بلوچ افراد جبری طور پر لاپتہ ہیں جن میں خواتین و بچے بھی شامل ہیں۔ ان تنظیموں کا کہنا ہے کہ ان جبری گمشدیوں میں پاکستانی فورسز اور خفیہ ادارے ملوث ہیں۔

دریں اثناء آج بروز جمعہ بلوچ ہیومن رائٹس کے وائس چیئرپرسن طیبہ بلوچ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے آواز اٹھانے والے خواتین و کمسن بچوں کو اجتماعی سزا کے طور پر فورسز حراست میں لیکر ملٹری کیمپ منتقل کررہے ہیں۔