پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پاکستان کے نومنتخب قومی اسمبلی میں ہونے والے قائدِ ایوان کے انتخاب میں 176 ووٹ لے کر پاکستان کے 22ویں وزیراعظم منتخب ہو گئے ہیں۔
ان کے مدمقابل مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کو 96 ووٹ ملے جبکہ اپوزیشن کی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کے ارکان نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیا۔
سپیکر اسد قیصر کی جانب سے عمران خان کی کامیابی کے اعلان کے ساتھ ہی ایوان میں تحریکِ انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے ارکانِ اسمبلی کے درمیان نعرے بازی کا مقابلہ شروع ہو گیا۔
مسلم لیگ ن کے اراکین ڈائس اور عمران خان کی نشست کے سامنے جمع ہو کر ’ووٹ کو عزت دو‘ اور شہباز شریف کے حق میں نعرے لگاتے رہے جس کے جواب میں تحریکِ انصاف کے ارکان نے بھی وزیراعظم عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔