خواتین کو اب بھی ایک کاروباری چیز کے طور پر دیکھا جاتا ہے- ہما قریشی

660

بولی وڈ اداکارہ ہما قریشی نے صرف گورے اور چکنے رنگ کی خواتین کو ہی خوبصورت سمجھنے پر فیشن میگزین، فیشن برانڈز اور میک اپ برانڈز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں اب بھی خواتین کے حوالے سے صنفی تفریق پائی جاتی ہے۔

ہما قریشی کا کہنا تھا کہ اگرچہ خواتین کی خود مختاری اور صنفی مساوات جیسے مسائل اب اہمیت اختیار کر چکے ہیں، تاہم اب بھی خواتین سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ مردوں کو لبھانے جیسا لباس پہنیں۔

  بھارتی نشریاتی ادارے ‘پی ٹی آئی’ کو دیے گئے انٹرویو میں 32 سالہ اداکارہ کا کہنا تھا کہ اب بھی خواتین پر تنقید کی جاتی ہے اور ان سے امید کی جاتی ہے کہ وہ معاشرے کی جانب سے بنائے گئے خوبصورتی کے معیارات کو اپنائیں گی۔

اداکارہ کے مطابق خواتین کو اب بھی ایک کاروباری چیز کے طور پر دیکھا جاتا ہے اور اب بھی ان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ خاص اور محدود طریقہ کار کے تحت چلیں گی اور اس ذہنیت کے پیچھے یہ خیال کار فرما ہے کہ ہم لباس اپنے لیے نہیں بلکہ مرد حضرات کو لبھانے کے لیے پہنتی ہیں۔

اداکارہ کے مطابق انہیں دیدہ زیب لباس پہننا اور حسین نظر آنا اچھا لگتا ہے، لیکن اپنی ذات اور مرضی سے دیدہ زیب کپڑے پہننا الگ اور کسی کے لیے پرکشش نظر آنے کے لیے ایسے لباس کا انتخاب کرنا 2 الگ باتیں ہیں۔

ہما قریشی نے مخصوص انداز اور پیمانے پر خواتین کی خوبصورتی کو پرکھنے پر معاشرے اور لوگوں کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کئی سال سے لوگ منظم منصوبہ بندی کے تحت گوری جلد کو بطور خوبصورتی پیش کرتے آ رہے ہیں۔

انہوں نے فیشن برانڈز، فیشن میگزینز، فیشن شوز کے عہدیداروں اور میک اپ برانڈز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کیوں ہے کہ صرف گوری رنگت والی خواتین کو ہی خوبصورت سمجھا جاتا ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے سوال کیا کہ ایسا کیوں ہے کہ سانولی اور سیاہ رنگت خاتون کو خوبصورت کیوں نہیں سمجھا جاتا؟۔

اداکارہ نے بولی وڈ کی سانولی اداکارہ پریانکا چوپڑا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ وہ سانولی ہیں، مگر پھر بھی وہ دنیا کی خوبصورت لڑکی یعنی مس ورلڈ منتخب ہوئیں اور انہوں نے مغرب میں جاکر ثابت کیا کہ سانولی رنگت بھی خوبصورتی کا معیار ہوتی ہے۔

ساتھ ہی اداکارہ نے واضح کیا کہ خوبصورتی کا کوئی ایک اسٹینڈرڈ نہیں، وہ کہیں بھی، کسی بھی صورت میں ہوسکتی ہے، وہ ایسی نہیں ہے جیسا اسے میگزینز میں پیش کیا جا رہا ہے۔

اداکارہ نے یہ انٹرویو ایک ایسے وقت میں دیا ہے، جب بھارت میں معروف ‘لیکمے فیشن شو‘ کا آغاز ہوا ہے، جس میں وہ اپنے بھائی اداکارہ ثاقب سلیم کے ساتھ ریمپ پر جلوہ گر ہوئیں۔

اداکار نے خصوصی انٹرویو میں خواتین کے فیشن، لباس اور اس پر عام لوگوں کے خیالات پر بھی کھل کر بات کی۔