امیر محمد جوگیزئی بلوچستان کے گورنر مقرر

226

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ڈاکٹر امیر محمد خان جوگزئی کو گورنر بلوچستان نامزد کر دیا ہے۔

وزیر اعظم آفس کے بجائے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، وزیر اعظم عمران خان نے ڈاکٹر امیر محمد خان جوگزئی کو گورنر بلوچستان نامزد کر دیا ہے۔

اس عہدے کے لیے مختلف نام زیر غور تھے لیکن بنی گالہ میں ہونے والے اجلاس میں ڈاکٹر امیر محمد خان جوگیزئی کے نام پر اتفاق کیا گیا، نامزد گورنر بلوچستان ابم بی بی ایس کی ڈگری رکھتے ہیں وہ ‘ہیلپ بلوچستان’ ادارے کے پریزیڈنٹ اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے کام کرچکے ہیں۔

امیر محمد خان جوگزئی چلڈرن اسپتال کوئٹہ کے بھی ایڈمنسٹریٹر رہ چکے ہیں جب کہ صحت کے شعبے میں بین الاقوامی سطح پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ نامزد گورنر بلوچستان امیر محمد جوگزئی پر نیب میں 2015 میں کیس دائر ہو چکا ہے جس میں نامزد گورنر پر کڈنی سینٹر کے لیے زائد قیمت پر مشینری خریدنے کا الزام ہے۔ نیب حکام کا کہنا ہے کہ امیر محمد جوگزئی کے خلاف انکوائری جاری ہے اور آئندہ ایک دو ماہ میں ریفرنس دائر کردیا جائے گا۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل کی تعلیمی قابلیت پر سوال اٹھنے لگے ہیں اور سوشل میڈیا سمیت ملکی میڈیا پر بھی یہ بحث ہو رہی ہے کہ کہ محض انٹر پاس گورنر سندھ کی تمام یونیورسٹیوں کا چانسلر ہوگا۔

نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل کی تعلیمی قابلیت سے متعلق تحریک انصاف کے دعوؤں میں تضاد ہے، اور ان کی تعلیمی قابلیت پر بھرپور بحث کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے مطابق عمران اسماعیل نے اٹلی اور امریکا سے لیدر ٹیکنالوجی اور کیمیکل میں ڈگریاں حاصل کر رکھی ہیں۔ جبکہ عمران اسماعیل نے عام انتخابات میں سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 111 سے انتخابات میں حصہ لیا تھا اور اپنے کاغذات نامزدگی میں اپنی تعلیم انٹر (بارہویں پاس) درج کی تھی۔ ان کے کاغذات کے مطابق انہوں نے بی کام پارٹ ون کلئیر کیا۔ لیکن گریجویشن مکمل نہ کرسکے۔ سوشل میڈٰیا پر عمران اسماعیل کے نام سے بحث جاری ہے کہ اب انٹر پاس عمران اسماعیل بحیثیت گورنر سندھ کی تمام سرکاری جامعات کے چانسلر ہوں گے اور پی ایچ ڈی اسکالرز کو تعیلمی بہتری کے لیے ہدایات دیں گے۔

گزشتہ روز عمران اسماعیل کی گورنر سندھ تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا، وہ 27 اگست کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔