عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ انھیں یمن میں غیر ملکی عسکری ماہرین کی موجودگی کے ٹھوس ثبوت مل گئے ہیں اور وہ وہاں ایران کے حمایت یافتہ حوثی شیعہ باغیوں کو عسکری تربیت دے رہے ہیں۔
انھوں نے سوموار کو الریاض میں ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ ان عسکری ماہرین نے حوثیوں کو ایک مربوط فوجی مواصلاتی نظام بھی مہیا کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ حوثیوں کی فوجی معاونت کی سرگرمیوں میں ملوّث ہے ۔انھوں نے یمن کے شمالی صوبے صعدہ کے مختلف علاقوں میں حزب اللہ کے ماہرین کے حوثی ملیشیا کی کارروائیوں میں کردار کا حوالہ بھی دیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ حالیہ دنوں میں عرب اتحادی فوج نے صوبہ صعدہ میں واقع جبل مشطب ، مران ، رازح ، المفتاح اور النوعہ کے پہاڑی علاقوں میں حوثی ملیشیا کے ایسے پانچ فوجی مواصلاتی نظام اپنے فضائی حملوں میں تباہ کیے ہیں۔ان کے علاوہ صوبہ حجہ میں واقع جبل الوشحہ میں حوثیوں کے فوجی مواصلاتی نظام کو تباہ کیا گیا ہے۔
انھوں نے یمن کی قانونی حکومت کی عمل داری کی بحالی کے لیے ایران کے حمایت یافتہ حوثی شیعہ باغیوں کے خلاف جاری جنگ میں ہونے والی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور جنگ زدہ ملک کے تما م شہروں اور گورنریوں میں بگڑتی ہوئی انسانی صورت حال کی بہتری کے لیے عرب اتحاد کی امدادی سرگرمیوں کے بارے میں صحافیوں کو آگاہ کیا۔