گوہرام اور شاہزین بگٹی کتوں سے بدتر ہیں- براہمداغ بگٹی

1046

بلوچ رہنما اور بلوچ ریپبلکن پارٹی کے سربراہ براہمداغ بگٹی نے گوہرام بگٹی اور شاہزین بگٹی کو کتوں سے بھی بدتر قرار دے دیا۔

دی بلوچستان پوسٹ ویب مانیٹرنگ ٹیم کے مطابق براہمداغ بگٹی نے یہ بات سماجی رابطے کے ویبسائٹ انسٹاگرام پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا۔

براہمداغ بگٹی سے جب یہ پوچھا گیا کہ وہ گوہرام اور شاہزین بگٹی کے بارے میں کیا رائے رکھتے ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ کتوں سے بھی بدتر ہیں۔

یاد رہے گوہرام اور شاہزین بگٹی، براہمداغ بگٹی کے چچیرے بھائی ہیں، دونوں انکے چاچا طلال بگٹی کے صاحبزادے ہیں۔ نواب اکبر خان بگٹی کے شہادت کے بعد جہاں براہمداغ بگٹی نے بلوچستان کی آزادی کیلئے مزاحمت کا آغاز کیا وہیں شاہزین اور انکے بھائی گوہرام مبینہ طور پر خفیہ اداروں کے ساتھ ڈیل کے بعد وہیں رہ گئے تھے اور اب انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ براہمداغ بگٹی پچھلے کچھ دنوں سے انسٹا گرام پر اپنے چاہنے والوں کے سوالات کے جواب دے رہے ہیں۔

اسی طرح کے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایران میں رہنے والے بلوچ ایران میں خوش و خرم زندگی گذار رہے ہیں جسکی وجہ سے وہ ایران میں رہنے والے بلوچوں کیلئے جدوجہد نہیں کررہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے اقرار کیا کہ وہ پاکستان سے پہلے بھی مذاکرات کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کریں گے۔ انکا کہنا تھا کہ مذاکرات ایک پرامن سیاسی عمل ہے۔