وائٹ ہاؤس نے ایک مرتبہ پھر اپنے اس موقف کو دُہرایا ہے کہ امریکا جزیرہ نما کریمیا کی روس میں شمولیت کو تسلیم نہیں کرتا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان ہوگن جیڈلے نے صحافیوں کو بتایا کہ “ہم اس حوالے سے روس کی کوششوں کو قطعا تسلیم نہیں کرتے”۔ جیڈلے نے یہ بات اُس طیارے میں سفر کے دوران کہی جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مغربی ورجینیا لے کر جا رہا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے روسی ہم منصب ولادیمر پوتین 16 جولائی کو ہیلسنکی میں سربراہ ملاقات کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ماسکو میں کِرملن ہاؤس نے اعلان کیا تھا کہ ہلسنکی سربراہ ملاقات میں کریمیا کے سوا “تمام موضوعات” زیرِ بحث آ سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کے روز کریمیا کے مسئلے پر امریکا کے موقف کے حوالے سے اُس وقت شکوک پیدا کر دیے جب انہوں نے کریمیا کی روس میں شمولیت کو تسلیم کرنے کو واضح طور پر خارج از امکان قرار نہیں دیا۔