پاکستانی روپیہ کی قدر افغانی اور نیپالی روپے سے بھی نیچے

925

پاکستانی روپے کی قدر حالیہ گراوٹ کے نتیجے میں بھارتی روپے اور بنگلہ دیشی ٹکے کے بعد افغانی اور نیپالی روپے سے بھی نیچے گرگئی۔

پاکستانی روپے کے مقابلے میں افغانی روپیہ ایک روپے 70 پیسے میں دستیاب ہے، جبکہ نیپالی روپے کی قیمت ایک روپے 30 پیسے ہوگئی ہے۔

تاہم سری لنکن روپے کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر مستحکم ہے اور 85 پیسے دے کر سری لنکا کا ایک روپیہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔

روپے کی قدر میں حالیہ کمی کے باعث بھارتی روپے کی قیمت ایک روپے 80 پیسے جبکہ بنگلہ دیشی ٹکا ایک روپے 52 پیسے کا ہوگیا ہے۔

دوسری جانب روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں اضافے کے اثرات اشیائے خورو نوش پر آنا شروع ہوگئے ہیں۔

درآمد کنندگان کا کہنا ہے کہ ڈالر مہنگا ہونے سے چائے کی پتی، خشک دودھ اور گرم مصالحہ جات کی قیمتیں 13 فیصد تک بڑھ گئی ہیں۔

ماہرین کے مطابق ڈالر کی قیمت میں اضافہ آنے والے دنوں میں مزید مہنگائی کا سبب بنے گا۔