ملالہ یوسفزئی کی زندگی پر بننے والی فلم کا پہلا موشن پوسٹر ریلیز

292

ملالہ یوسفزئی کی زندگی پر بننے والی بولی وڈ فلم ‘گل مکئی’ کا پہلا موشن پوسٹر ریلیز کردیا گیا۔

اس فلم میں ملالہ یوسفزئی کا کردار ریم شیخ ادا کررہی ہیں۔

موشن پوسٹر میں ریم شیخ نے ایک کھلی کتاب ہاتھوں میں پکڑی ہوئی ہے جس میں ایک جلتے ہوئے اسکول کو دکھا گیا ہے جبکہ ایک آواز یہ کہتی ہے ‘ یہ ان دنوں کی بات ہے جب طالبان افغانستان اور پاکستان میں تباہی مچارہے تھے، تب پاکستان کے ایک بہت چھوٹے گاﺅں سے ایک آواز بلند ہوئی’۔

گل مکئی میں ملالہ یوسفزئی کے وادی سوات سے دنیا کی کم عمر ترین نوبیل انعام یافتہ شخصیت بننے کے سفر کو بیان کیا جائے گا۔

ریم شیخ کو ٹی ڈراموں جیسے یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے، سے شہرت ملی تھی اور پھر انہوں نے امیتابھ بچن کی فلم وزیر میں بھی کام کیا تھا۔

۔

فلم کی ہدایت کاری امجد خان کریں گے جو کافی عرصے سے ملالہ کے کردار کے لیے اچھی اداکارہ کی تلاش میں تھے، اور ریم شیخ کے معصومانہ چہرے اور جاندار اداکاری نے ان کی توجہ حاصل کرلی۔

رپورٹ کے مطابق کردار کے رنگ میں ڈھالنے کے لیے ریم شیخ کو ملالہ جیسا لب و لہجہ، انداز اور باڈی لینگوئج اختیار کرنے کی خصوصی تربیت بھی دی گئی ہے۔

فلم میں ملالہ کی ماں کا کردار دیویا دتہ نبھائیں گی۔

اس فلم کی ریلیز کی تاریخ کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا ہے۔