لاہور میں شدید بارش سے بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہونے سے شہر کے بڑے حصے میں بجلی منقطع، پروازوں کا شیڈول درہم برہم ہو گیا۔
پاکستانی صوبے پنجاب کے شہر لاہور میں رات ساڑھے 12 بجے سے شروع ہونے والی بارش نے صبح سویرے مزید شدت اختیار کر لی۔ ترسیلی نظام کے باعث لیسکو کے 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے اور شہر کا بڑا حصہ اندھیرے میں ڈوب گیا۔
گلبرگ، والٹن، کاہنہ، چونگی امرسدھو، جنرل ہسپتال کی ملحقہ آبادیوں کے علاوہ شمالی لاہور، اندرون شہر، گلشن راوی اور ملحقہ علاقوں ، داروغہ والا، مناواں سے رات کو بجلی غائب ہو گئی جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
لاہور ائیر پورٹ پر موسم کی خرابی کے باعث پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوا، بیرون ملک جانے والی متعد د پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں اور لاہور آنے والی پروازوں کا رخ دوسرے شہروں کی جانب موڑ دیا گیا۔
دریں اثناء لاہور میں رات بھر جاری رہنے والی بارش نے شہر کو ڈبو دیا، سڑکیں، گلیاں تالاب میں تبدیل ہوگئیں، 140 ملی میٹر ریکارڈ بارش نے انتظامیہ کی کارگردگی کا پول کھول دیا، کرنٹ اور چھتیں گرنے سے 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
لاہور میں ہونے والی بارش نے شہر میں ہر طرف جل تھل ایک کر دیا ہے، نشیبی علاقوں میں پانی ہی پانی جمع ہے، انڈر پاس پانی سے بھرے پڑے ہیں جبکہ ہر علاقہ پانی میں ڈوبا ہے، گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں بند ہوگئیں، کئی مقامات پر ٹریفک جام ہوگیا۔