لاپتہ افراد کیلئے احتجاج کرنے والا خو د لاپتہ

225

سند ھ سے جبری طور پر لاپتہ ہونے والے طالب علم کے بازیابی کیلئے احتجاج کر نے والاآفتاب چانڈیو خود ہی لاپتہ

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سندھ سے لاپتہ ہونے والے طالب علم عاقب چانڈیو کے اغواء نما گرفتاری کے خلاف احتجاج کرنے والا آفتاب چانڈیو خود بھی لاپتہ ہوگیا ۔

تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ کے علاقے باقرانی روڈ سے ڈبل کیبن گاڑی میں سوار سادہ کپڑوں میں ملبوس مبینہ حساس اداروں کے اہلکاروں نے آفتاب چانڈیو کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ۔

واضح رہے آفتاب چانڈیو سند ھ سے اغواء نما گرفتار ہونے والے طالب علم عاقب چانڈیو کے بازیابی کیلئے سرگرم تھے۔ عاقب چانڈیو کو ۳۰ مارچ کو فورسز اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے گرفتار کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا تھا۔

یاد رہے بلوچستان کی طرح سندھ سے بھی سندھی قومپرست سیاسی کارکنان، طلباء اور سماجی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے افراد کی جبری گمشدگی کے مقدمات درج ہوتے رہے ہیں۔

جبکہ گذشتہ ماہ وائس فار مسنگ پرسنز آف سندھ نامی تنظیم کی جانب سے سندھ کے مختلف شہروں میں سندھ سے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے احتجاجی مظاہروں سمیت بھوک ہڑتالی کیمپ لگائے گئے تھے۔