عید پر طالبان کے ساتھ جنگ بندی میں پاکستان نے کردار ادا کیا – افغانستان

135

پاکستان میں تعینات افغان سفیر نے  کہا ہے کہ جون میں افغانستان میں طالبان کے ساتھ ہونے والی جنگ بندی میں پاکستان نے ایک کلیدی کردار ادا کیا، تاکہ ملک میں عید کا متبرک جشن پُرامن طور پر منایا جاسکے۔

حضرت عمر زخیوال نے یہ بات اسلام آباد میں قائم تھنک ٹینک، ’جناح انسٹی ٹیوٹ‘ میں منعقدہ ایک روزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اُنھوں نے کہا کہ ’’حالیہ جنگ بندی سے متعلق، میں تسلیم کرتا ہوں، کہ اس میں پاکستان کا کردار تھا۔ اس کے لیے ہم شکرگزار ہیں‘‘۔

اُنھوں نے کہا کہ اگر یہ جنگ بندی مستقل صورت اختیار کرتی ہے تو اس میں ملک کے کردار پر بھی وہ پاکستان کا پیشگی شکریہ ادا کرتے ہیں۔

یہ اقدام پاکستان اور افغانستان کے مابین تعلقات کے لیے خوش آئند ثابت ہوگا، جن کے تعلقات تقریباً گذشتہ دو برس سے تناؤ کا شکار ہیں۔

زخیوال نے کہا کہ ’’دونوں ملکوں کے مابین ہونے والے اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں کے نتیجے میں ایک دوسرے کے خلاف منفی بیانئے میں خاصی کمی واقع ہوئی ہے، دونوں ملکوں کے درمیان واقعات یا تلخی میں کمی آئی ہے، اور (ہم نے دیکھا ہے) کہ امن اور استحکام کی حرمت کے ضمن میں پاکستان کی جانب سے زیادہ جراتمندانہ تعاون سامنے آیا ہے‘‘۔

جب جنگ بندی کا اعلان ہوا، بیسیوں طالبان راہنماؤں نے شہروں کا رُخ کیا، جن میں سے کئیوں نے مقامی آبادی کے ساتھ سیلفیز بنوا کر شائع کیں۔ دیگر نے سلامتی افواج کے ارکان کے ساتھ نماز عید ادا کی، جو میدان جنگ میں ایک دوسرے کے دشمن ہیں۔ کئی ایک نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ وہ لڑائی سے تنگ آچکے ہیں۔