سوئیڈن نے ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میچ میں سوئٹزرلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 0-1 سے شکست دے کر 24سال بعد عالمی کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
منگل کو کھیلے گئے پری کوارٹر فائنل میچ میں سویڈن اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا اور دونوں ہی ٹیموں نے حریف کے گول پر تابڑ توڑ حملے کیے۔
پہلے ہاف میں سرتوڑ کوشش کے باوجود دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں البتہ دوسرے ہاف کے 66ویں منٹ میں سوئیڈش کھلاڑی فورسبرگ نے شاندار فیلڈ گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
سوئس کھلاڑیوں نے برتری ختم کرنے کیلئے بھرپور کوشش کی لیکن سویڈن کے مضبوط دفاع اور گول کیپر نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اسے کامیاب نہ ہونے دیا۔
اس طرح سوئیڈن نے سوئٹزرلینڈ کو 1-0 گول سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا اور کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
سوئیڈن نے 24برس کے وقفے کے بعد عالمی کپ کی آخری 8 ٹیموں میں جگہ بنانے کا اعزاز حاصل کیا جہاں اس سے قبل سویڈش ٹیم نے آخری مرتبہ 1994 میں میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔