خضدار، حب چوکی میں پولنگ اسٹیشنوں پر حملوں میں نقصانات کی اطلاعات۔
دی بلوچستان پوسٹ خضدار نمائندے کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار کے ایک اور پولنگ اسٹیشن پر حملہ ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے شہر خضدار ڈی پی اسکول سول کالونی میں قائم پولنگ اسٹیشن میں زور دار دھماکہ ہوا ہے۔ تاہم ابھی تک مصدقہ ذرائع سے کسی طرح کی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے، تاہم غیر مصدقہ معلومات کے مطابق نقصانات کی اطلاع ہے۔
واضح رہے اس سے قبل خضدار کے علاقے کوشک میں پرائمری اسکول پر قائم فورسز کی چوکی پر نامعلوم افراد کی جانب سے دستی بم سے حملہ کیا گیاتھا۔
دوسری جانب بلوچستان کے صنعتی شہر حب چوکی میں پولنگ اسٹیشن پر ایک اور حملہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حب چوکی کے علاقے عدالت روڈ پر واقع گرلز ہائی اسکول میں قائم کی گئی پولنگ اسٹیشن میں زوردار دھماکہ ہوا ہے۔ دھماکے میں فورسز کے متعدد اہلکاروں کی زخمی ہونے کی اطلاعات ہے۔
واضح رہے حب چوکی کے اس علاقے سمیت دیگر علاقوں کو فورسز نے کل گھیرے میں لے کر گھر گھر تلاشی لینے کے بعد کلیئر قرار دیا تھا۔
آج عام انتخابات کے دوران بلوچستان بھر میں تشدد کی ایک نئی لہر شروع ہوگئی ہے جس میں پولنگ اسٹیشنوں پر حملے جاری ہیں۔ ابتک تین درجن سے زائد ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔
یاد رہے بلوچ آزادی پسند جماعتوں نے عام انتخابات کا بائیکاٹ کیا ہوا ہے، اور متعدد بار حملوں کی دھمکی دے چکے ہیں۔