خاران : فورسز کے ہاتھوں حاجی عبیداللہ حراست کے بعد لاپتہ

170

خاران حساس اداروں اور فرنٹئیر کور نے مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کر کے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق خاران سے پاکستانی خفیہ اداروں اور فرنٹئیر کور نے ایک شخص کو اُسکے گھر سے حراست میں لینے کے بعد نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق خاران شہر کے علاقے قلعہ محلہ سے فورسز نے حاجی عبیداللہ ولد حاجی برکت تگاپی سکنہ قلعہ محلہ خاران کو انکے گھر سے اغواء کر لیا ۔

یادرہے گزشتہ ماہ پندرہ جون کے صبح سے شروع ہونے والا سرچ آپریشن ایک ہفتے تک جاری رہا، جس میں ضلع خاران کے علاقے لجےّ ، توسکان، تازینہ ، المُرک اور خاران شہر کے مختلف علاقوں کو سرچ آپریشن کی غرض سے محاصرے میں لیا گیاتھا۔ دورانِ آپریشن متعدد افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا تھا ۔

بعد ازاں اسی نوعیت کا ایک آپریشن رواں ماہ کے شروع میں بھی کیا گیا تھا جو تقریباَ چار روز تک جاری رہا، دوران آپریشن متعدد افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیاتھا ، جن میں سے بیشتر افراد ابھی تک فورسز کی حراست میں ہیں ۔

واضح رہے عام انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضلع خاران کو الیکشن کے اعتبار سے حساس اضلاع میں شمار کیا ہے ۔ جس کے بعد سے سیکورٹی فورسز کے جانب سے ہونے والے کاروائیوں میں واضح اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔