حب چوکی فورسز کا سرچ آپریشن جاری

337
File Photo

حب چوکی شہر کے مختلف علاقوں میں فرنٹئیر کور اور پاکستانی فوج کا سرچ آپریشن جاری ہے۔

دی بلوچستان پوسٹ نمائندہ لسبیلہ کی جانب سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے سب سے بڑے صنعتی شہر حب چوکی کے مختلف علاقے کو فورسز نے گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے ۔

ٹی بی پی نمائندے کے مطابق حب کے مرکزی شاہراہ سمیت ساکران روڈ، زہری اسٹریٹ، آلہ آباد ٹاؤن، مگسی کالونی سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں فورسز کی جانب سے ناکہ بندی کر دی گئی ہے ۔

نمائندے کے مطابق گھیرے میں لیئے گئے علاقوں میں پاکستانی آرمی اور ایف سی کی بھاری نفری سرچ آپریشن میں مصروف ہے، گھر گھر تلاشی کے علاوہ داخلی اور خارجی راستوں کی مکمل ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق گھروں میں تلاشی کے دوران فورسز کی جانب سے خواتین اور بچوں کے ساتھ ناروا سلوک رکھا گیا، گھر میں موجود تمام افراد کو کل ہونے والے عام انتخابات میں بلوچستان میں بننے والی نئی جماعت کو ووٹ دینے کی ہدایت بھی کی گئی، تاہم ابھی تک کسی طرح کی گرفتاری کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہے ۔

یا د رہے 22 جولائی کو حب سے فورسز نے سات افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پہ منتقل کردیاتھا۔ حراست بعد لاپتہ ہونیوالے افراد کی شناخت مجید ولد قادر بخش، عزیز ولد تاج محمد، جابر ولد الہٰی بخش، شعیب ولد پیر محمد، ساجد ولد نزیر، قدیر ولد موسیٰ اور زاہد ولد کریم بخش سکنہ دازن تمپ کے نام سے ہوئی تھی۔

واضح رہے 11جولائی کے روز حب میں پاکستان تحریک انصاف کی انتخابی جلسے پر دوست ہوٹل کے قریب بم حملہ ہوا تھا۔ حملے کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کی تھی ۔