بلوچستان بھر میں ماہر ڈاکٹروں کی دستیابی ہمارا مقصد ہے – ریحانہ جالب بلوچ

1002

بلوچستان نیشنل پارٹی کوئٹہ کی رہنماء ریحانہ جالب بلوچ کا خواتین عہدیداروں سمیت کلی قمبرانی کا دورہ

دی بلوچستان پوسٹ کے کوئٹہ نمائندے کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی کوئٹہ کی رہنماء نے دیگرخواتین عہدیداروں سمیت کوئٹہ کے کلی قمبرانی کا دورہ کیا۔ دورے میں مقامی لوگوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ علاج معالجے کے درپیش مسائل ماضی کی حکومتوں کے مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہیں ۔

انکا کہنا تھا کہ صحت کی بہترین سہولتیں دینا حکومت کی زمہ داری ہے لیکن بدقسمتی سے نام نہاد عوامی نمائندوں نے جس طرح بلوچستان کے عوام کا استحصال کیا اس کا سامنا بلوچستان میں بسنے والے عوام کو رہا ہے ۔

ریحانہ جالب نے کہا کہ عوام پچیس جولائی کو اپنے ووٹ سے بی این پی کو کامیاب کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اسمبلی کے ایوان میں صوبے کے اس دیرینہ مسئلہ پر نہ صرف آواز اٹھائیں گے بلکہ عوام کے نمائندے کی حیثیت سے یقین دلاتے ہیں کہ صوبے کے ہر ضلع اور کلی میں جس حد تک ممکن ہوا طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے کوشش کریں گے ۔

عوام کے سوالات کےجواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عام شہری کی حیثیت سے ہم سب جانتے ہیں کہ لوگ کس طرح اپنی محنت سے کمائے پیسوں کو کراچی ، سندھ یا پنجاب کے اسپتالوں تک پہنچنے، قیام اور علاج پر خرچ کرتے ہیں ۔