بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں دھاندلی کی کوشش کی گئی تو بلو چستان نیشنل پارٹی جمہوری طریقے سے عوام کے پاس جائے گی ۔صاف و شفاف انتخابات ہی جمہوریت کی جیت ہے اور ہم نے ہمیشہ بلوچستان کے ساحل و سائل اور عوام کے مفادات کی خاطر ہرقربانی دی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
آغا حسن بلوچ نے کہا کہ عام انتخابات سے قبل خدشات و تحفظات سامنے آرہے ہیں کہ انتخابات میں دھاندلی ہونے کے امکانات ہیں بلوچستان نیشنل پارٹی سمجھتی ہے کہ عوام کے فیصلے کو تسلیم کیاجائے اورعوام کا فیصلہ ہی ہمارے لئے قابل قبول ہے ۔اگرعوام کے فیصلے کے برعکس اقدامات اٹھائے گئے تواسکے خطرناک نتائج برآمد ہونگے اور ہم کسی بھی صورت ایسے انتخابات کو تسلیم نہیں کریں گے جو ہمارے مینڈیٹ کا مذاق اڑائیں۔انہوں نے کہا کہ جمہوری ادارے صاف و شفاف انتخابات سے ہی مضبوط ہونگے اورحال ہی میں صوبے میں جوا یک پارٹی تشکیل دی گئی ہے وہ عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کریگی اور نہ ہی یہاں کے جمہوری و سیاسی جماعتوں کے مینڈیٹ کو تسلیم نہ کرنے کا کہہ رکھا ہے ۔اگر ایسا کیا گیا تو بلوچستان نیشنل پارٹی دیگر سیاسی و جمہوری جماعتوں کے ساتھ ملکر احتجاج کریں گے۔
انہوں نے بلوچ اور بلوچستان کے عوام سے اپیل کی ہے کہ پچیس جولائی کو ہونے والے انتخابات میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے نامز د کردہ امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیاب کرائیں۔