البیضاء میں یمنی فوج کی پیش قدمی، 30 حوثی باغی ہلاک

129

یمن کی سرکاری فوج کا کہنا ہے کہ عرب اتحادی فوج کی معاونت سے نیشنل فورسز نے ملک کے وسطی علاقے البیضاء میں الملاجم ڈاریکٹوریٹ اور کئی دوسرے مقامات سے حوثی شدت پسندوں کو پسپا کردیا ہے۔ تازہ لڑائی کے دوران کم سے کم 30 حوثی شدت پسندوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

یمنی فوج کے زیرانتظام ’ستمبر ڈاٹ نیٹ‘ کی رپورٹ کے مطابق سرکاری فوج نے الملاجم ڈاریکٹوریٹ کو باغیوں سے مکمل طور پرخالی کرنے اور فضحہ کے علاقے سے باغیوں کو نکال باہر کرنے کے لیے آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری فوج اس وقت البیاض کے علاقے کے قریب پہنچ گئی ہے۔ لڑائی میں البیضاء کے کئی اہم تزویراتی مقامات باغیوں سے آزاد کرالیے گئے ہیں جب کہ لڑائی میں 30 حوثی شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والے باغیوں میں پانچ فیلڈ کمانڈر بھی شامل ہیں۔

ادھر دوسری جانب الحدیدہ گورنری میں باغیوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے لیے فوج کے تازہ دم دستے بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق حوثی باغیوں نے الحدیدہ شہر اور بندرگاہ کا قبضہ ختم کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے امن مندوب مارٹن گریویتھ کی تجاویز مسترد کردی ہیں۔