گوادر سے تعلق رکھنے والے بی این ایم کے سابق انفارمیشن سیکرٹری قاضی داد ریحان کے بھائی قاضی جان محمد فورسز کے ہاتھوں اغواء
دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گوادر کے معروف علمی و سیاسی گھرانے سے تعلق رکھنے والے قاضی جان محمد کلمتی کو 31 مئی 2018 کو ان کے گھر واقع ملیر پیرا ڈائز کراچی سے سادہ لباس افراد اپنے ہمراہ لے گئیں.
خاندانی ذرائع سے موصول ہونیوالی تفصیلات کے مطابق قاضی جان کو 31 مئی بروز جمعرات سادہ لباس مسلح افراد ایک مقامی ٹھیکہ دار کی رہنمائی میں ان کے کرایہ کے گھر ملیر پیرا ڈائز فیز ٹو میں ان کا پوچھنے گئے۔ اہل خانہ کوانہوں نے باور کرایا کہ وہ ان کے خرید کردہ زمینوں کے سلسلے میں ان سے پوچھ گچھ کرنا چاہتے ہیں۔ وہاں عدم موجودگی کی صورت وہ ایک بچے کی رہنمائی میں ان کے ملیر پیرا ڈائز فیز وَن میں واقع دوسرے گھر میں پہنچے اور وہاں سے انہیں بلا کر اپنے ساتھ پولیس کی گاڑی میں بیٹھا کر لے گئے۔ ان کہنا ہے کہ مسلح اغواء کار چار گاڑیوں پر گئے تھے جن میں ایک پولیس موبائل بھی شامل تھی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق انہوں نے اس سلسلے میں فوری طور پر متعلقہ اداروں، متعلقہ تھانے اور موثرین سے رابطہ کیا اور مدد کی درخواست کی لیکن پانچ دن گزرنے کے باوجود تمام تر کوششیں لاحاصل رہے، اس لیے خاندان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے خاندان کے فرد کی بازیابی کے لیے تمام تر ذرائع بروئے کار لائیں گے جن میں میڈیا کے توسط سے انسانی حقوق کے اداروں، اعلیٰ عدلیہ اور قانون نافذ کرنے والے افسران تک اپنی فریاد پہنچائی جائے گی۔
خاندانی ذرائع نے مزید بتایا کہ روایتی میڈیا کے ان واقعات کی خبروں کو کورریج دینے میں خوفزدگی کے پیش نظر خاندان نے سوشل میڈیا کے ذریعے بھی ان کی بازیابی کے لیے آواز اُٹھانے کا فیصلہ کیا۔ اس سلسلے میں تمام انسانیت دوست تنظیموں، سیاسی جماعتوں ، لکھاریوں اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ سے درخواست ہے کہ وہ اس سلسلے میں خاندان کی آواز کے ساتھ اپنی آواز ملائیں اور معاشرے کے ایک تعمیری فرد کی بحفاظت معاشرے میں واپسی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔