سندھ: لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے احتجاج جاری

195

سندھ کے مختلف علاقوں میں لاپتہ افراد کی بازیابی کے لئے بھوک کیمپ قائم، عید کے روز بھی احتجاج کا اعلان

دی بلوچستان پوسٹ ویب ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق وائس فار مسنگ پرسنز آف سندھ کی جانب سے سندھ کے مختلف علاقوں میں ریاستی اداروں کے ہاتھوں لاپتہ افراد کے بازیابی کے لئے احتجاج جاری ہے.

تفصیلات کے مطابق کوٹری میں سندھی یوتھ الائنس کی جانب سے 48 گھنٹوں کے لئے بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کی گئی ہے جس میں وائس فار مسنگ پرسنز آف سندھ اور جسقم کے رہنماؤں نے متعدد افراد کے ہمراہ شرکت کی، انہوں نے گمشدہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا.

جبکہ مورو میں بھی وائس فار مسنگ پرسنز آف سندھ کی جانب 48 گھنٹوں کے لئے بھوک ہڑتالی قائم کی گئی ہے جس کی رہنمائی نامور سندھی شاعر راشد مورائی کے فرزند لطیف راشد، جسقم رہنما امیر آذاد پنہور نے کی جبکہ مورو کے سیاسی اور سماجی کارکنان نے شرکت کی ہے.

دریں اثناء بدین میں بھی گمشدہ افراد کے لواحقین اور وائس فار مسنگ پرسنز آف سندھ کی جانب سے آج صبح بھوک ہڑتالی کیمپ لگائی گئی ہے، جس کی رہنما گمشدہ قلمکار رضا جروار، شادی خان سومرو، عزیز کرگیزی اور علی احمد بگھیو کے ورثاء کررہے ہیں.

دوسری جانب وائس فار مسنگ پرسنز آف سندھ سندھ کے کنوینئر سورٹھ لوہار نے اپنے آفیشل پیج پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گمشدہ افراد کی بازیابی کے لئے عید کے روز بھی کراچی پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کی جائے گی.