دالبندین : کوئٹہ زاہدان مال بردار ٹرین ریت کے ٹیلوں میں پھنس گئی

572

دالبندین کے قریب کوئٹہ زاہدان مال بردار ٹرین ریت کے ٹیلوں میں پھنس گئی جس کے سبب پاک ایران ٹرین سروس معطل ہوگئی۔

 دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو ملنے والے اطلاعات  کے مطابق آندھی کے سبب دالبندین کے علاقے نوکچاہ کے قریب ریت کے متعدد ٹیلے ریلوے ٹریک پر آگئے جس کے سبب کوئٹہ سے میر جاوا جانے والی مال بردار ٹرین تین روز سے وہاں پھنس کر رہ گئی ہے ۔

ذرائع کے مطابق ٹرین میں عملے کے 8 ارکان بھی پھنسے ہیں جن کو اشیائے خوردونوش دالبندین سے پہنچایا جارہا ہے۔

ریلوے کی مقامی حکام نے امدادی کارروائیاں شروع کیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ ریت زیادہ ہونے کی وجہ سے ریلوے کے دونوں ٹریکٹرز خراب ہوگئے اس لیئے ایک نجی ٹریکٹر کرائے پر حاصل کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ریلوے کے اعلیٰ حکام کی عدم دلچسپی، نفری کی کمی اور مقامی سطح پر سہولیات کے شدید فقدان کی وجہ سے امدادی سرگرمیاں متاثر ہیں۔

ذرائع کے مطابق ریل گاڑی کو ریتوں سے نکالنے کے لیئے دالبندین میں متعین ریلوے کے پلیٹیر اور لیبر شدید گرمی اور روزے کے باوجود تین دنوں سے دربدر ہیں جو اپنی مدد آپ کے تحت اکثر کام مکمل کرچکے ہیں اور امید ہے کہ آج تک ریتوں میں پھنسی ریل گاڑی کو نکال لیا جائے گا۔