بی این ایم ڈائسپورا کمیٹی تحلیل

258

بلوچ نیشنل موومنٹ کے چیئرمین خلیل بلوچ نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ موجودہ بی این ایم ڈائسپورا کمیٹی کو تحلیل کیاجاتاہے اور ڈائسپورا کی تنظیم نو کیلئے نئی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اور جلد ہی بذریعہ سرکولر تمام زونوں کو اطلاع دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سنگین صورتحال کے سبب بیرونی ممالک میں بلوچوں کی بھاری تعداد میں ہجرت اور مختلف ملکوں میں پناہ کو مدنظر رکھ کر بی این ایم کے بیرونی ڈھانچہ میں ضروری تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ پہلے مرحلے میں کینیڈا اور امریکہ کو علیحدہ زون کا درجہ دیا جاتا ہے اور انہیں تاکید کی جاتی ہے کہ وہ جلد ہی اپنے ممبروں کی تعداد کے مطابق اپنے زون تشکیل دیکر مرکز کورپورٹ ارسال کریں۔

چیئرمین خلیل بلوچ نے ریجن وائز تنظیمی ڈھانچہ کے بارے میں کہا کہ یورپ، شمالی امریکہ اور مڈل ایسٹ ریجن کے طور پر کام کریں گے۔ افغانستان، جنوبی کوریا اور آسٹریلیا فی الحال زون کی حیثیت سے کام جاری رکھیں گے اور انہیں براہ راست ڈائسپورا کابینہ یا کمیٹی کنٹرول کریگی۔

چیئرمین خلیل بلوچ نے ایک ذیلی ادارہ ڈائسپورا کونسل کی تشکیل کے بارے میں کہا کہ ڈائسپورا کمیٹی ایک سال کے اندر ڈائسپورا کونسل کے ارکان کا انتخاب کریگی اور بعد میں ڈائسپورا کونسل ڈائسپورا کابینہ تشکیل اور انتخابات کا ذمہ دار ہوگا۔ ڈائسپورا کونسل کے ارکان کا انتخاب ریجن اور زون کی بنیادوں پر ہوگا۔ ہر ریجن زیادہ سے زیادہ تین اور ہر زون ایک ڈائسپورا کونسل کا رکن منتخب کر سکے گا۔ خارجہ سیکریٹری اور کابینہ کے ارکان بلحاظ عہدہ پہلے سے کونسل کے رکن ہونگے۔ ڈائسپورا کابینہ انتظامی معاملات کا ذمہ دار ہے اور براہ راست چیئرمین اور سیکریٹری جنرل کو رپورٹ کرے گی جو ہر تین مہینے میں کارکردگی رپورٹ بھیجنے کا پابند ہے۔ ڈائسپورا کابینہ خارجہ سیکریٹری سے مشورہ اور مختلف کاموں میں اس کی مدد کر ے گا۔