کوئٹہ کمانڈنٹ غزہ بند سکاؤٹس برگیڈیئر ربنواز نے کہاہے کہ کوئٹہ شہر میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات کے بعد چیف آف آرمی اسٹاف قمر جاوید باجوہ اور وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کے دورے کے بعد کوئٹہ میں سیکورٹی کے پلان کو تبدیل کردیا گیا ہے اور خاص طورپر کوئٹہ شہر کے حساس علاقوں میں ایف سی چیک پوسٹوں میں اضافہ کردیا گیا ہے پولیس بھی ہمارے ساتھ ہے،
انہوں نے یہ بات کوئٹہ کے ایف سی مدد گار سینٹر میں ہزارہ قبائل سے تعلق رکھنے والے عمائدین جن میں ایچ ڈی پی کے چیئرمین عبدالخالق ہزارہ، ہزارہ جرگہ کے چیئرمین حاجی عبدالقیوم ہزارہ، یکجہتی قونصل کے چیئرمین ابراہیم ہزارہ، بلوچستان شیعہ کانفرنس کے داؤد آغا ودیگر ہزارہ قبائلی سے تعلق رکھنے والے افراد کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی، اس موقع پر صوبائی وزیر قانون وپارلیمانی امور سید آغا رضا، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) فرخ عتیق، مختلف سکولوں سے بلائے گئے بچے، پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا بھی موجود تھے۔
کمانڈنٹ غزہ بند سکاؤٹس برگیڈیئر ربنواز نے کہاکہ کوئٹہ میں حالیہ دہشتگردی کی وارداتوں کے بعد ایف سی سیکورٹی پلان تبدیل کردیا اور چیک پوسٹوں کی تعدا د اور پیٹرولنگ میں اضافے سمیت تجارتی علاقوں میں ناکے بڑھا دیئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہزارہ ٹاؤن، مری آباد، مغربی بائی پاس، اسپنی روڈ سمیت شہر کے حساس علاقوں میں چیک پوسٹوں کی تعداد میں تیس فیصد اضافہ کر دیا گیا، موبائل اور موٹر سائیکل گشت بھی بڑھا دیا جبکہ، تجارتی علاقوں میں روازنہ 17 مقامات پر ناکے لگادیئے گئے ہیں