پہلی فلم پر 11 ہزار روپے کمایا تھا : عامر خان

411

بولی وڈ اداکار عامر خان کو سینما کا مسٹر پرفیکٹشنسٹ کہا جاتا ہے، جن کی ہر ایک فلم نیا ریکارڈ قائم کردیتی ہیں، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ عامر کو اپنی پہلی کامیاب کمرشل فلم کے لیے کتنا معاوضہ ملا تھا؟

عامر خان اس وقت اپنی ہر نئی فلم سائن کرنے پر 50 کروڑ ہندوستانی روپے سے زائد کا مطالبہ کرتے ہیں، جس کے ساتھ ساتھ وہ اپنی فلموں کی پروڈکشن بھی خود ہی کرتے ہیں۔

لیکن آج کروڑوں روپے حاصل کرنے والے بولی وڈ اداکار نے اپنی پہلی کمرشل ہٹ فلم ’قیامت سے قیامت تک‘ کے لیے صرف 11 ہزار روپے کمائے تھے۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق عامر خان نے ایک ایونٹ کے دوران انکشاف کیا کہ انہیں فلم ’قیامت سے قیامت تک‘ کے دوران 11 ہزار روپے معاوضہ ملا۔

اداکار کا مزید کہنا تھا کہ ’قیامت سے قیامت تک جو میری کامیاب فلم تھی، اس کے بعد بھی میرے پاس پیسے نہیں تھے کہ گاڑی خرید سکوں، میں نے اس وقت تک پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کیا جب تک لوگوں نے مجھے پہچاننا شروع نہیں کیا‘۔

1988 میں ریلیز ہونے والی فلم ’قیامت سے قیامت تک‘ میں عامر خان کے ساتھ جوہی چاولا نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

خیال رہے کہ عامر خان بولی وڈ میں گزشتہ 30 سالوں سے کام کررہے ہیں۔

اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ ’آج کل ناظرین کی سوچ تبدیل ہوچکی ہے، میری فلم جو جیتا وہی سکندر اگر آج کے دور میں ریلیز ہوتی تو یقیناً یہ بےحد کامیاب ہوتی‘۔

یاد رہے کہ عامر خان تارے زمین پر، رنگ دے بسنتی، دل چاہتا ہے، تھری ایڈیٹس اور پی کے جیسی بڑی اور کامیاب فلموں میں کام کرچکے ہیں۔

وہ اس وقت اپنی فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔