خصوصی ویڈیو: بلوچ پاکستان اور چین کو شکست دیں گے۔ ڈاکٹر اللہ نظر بلوچ

1285

ممتاز بلوچ آزادی پسند رہنما اور بلوچستان لبریشن فرنٹ کے سربراہ ڈاکٹر اللہ نظر بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچ چین اور پاکستان کو شکست دیں گے۔

دی بلوچستان پوسٹ کو موصول ہونے والی ایک خصوصی ویڈیو میں ڈاکٹر اللہ نظر بلوچ اپنے جاری کردہ پیغام میں کہتے ہیں کہ” اس بیانیے میں کوئی حقیقت نہیں کہ بلوچ تحریک آزادی زوال کی جانب گامزن ہے۔”

“شاید یہاں کچھ سردار ہیں، جن کے ارادے کچھ معاشی مفادات کی خاطر متزلزل ہوئے ہیں، لیکن عام بلوچ سیاسی کارکنان گذشتہ دو دہائیوں سے مضبوطی کے ساتھ ایک آزاد بلوچستان کیلئے اپنا جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔” اللہ نظر بلوچ کا مزید اپنے پیغام میں کہنا تھا۔

براہوئی زبان میں جاری 9 منٹ اور 7 سیکنڈ طویل ویڈیو میں بلوچ رہنما کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بلوچستان کے صرف ایک علاقے میں ڈیڑھ لاکھ کی ریگولر آرمی تعینات کی ہوئی ہے، یہ تعداد کوسٹ گارڈ، فرنٹیئر کور، پولیس وغیرہ کے علاوہ ہے۔

” اگر بلوچ قومی تحریک زوال کی جانب گامزن ہوتی تو پاکستان کو اتنی بھاری فوجی تعیناتی کی کیا ضرورت پڑتی؟” وہ اپنے ویڈیو پیغام میں پوچھتے ہیں۔

ڈاکٹر اللہ نظر بلوچ نے بیرون ملک مقیم بلوچوں سے اپنے پیغام میں بلوچ قومی تحریک کی مالی معاونت کی اپیل بھی کی ہے۔