خاندان میں ‘حقیقی اداکارہ’ میری بیٹی شوئتا ہے، امیتابھ

211

بالی وڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن کا کہنا ہے کہ ان کے خاندان میں اگرچہ بہت سے اداکار ہیں، لیکن ‘حقیقی اداکارہ’ ان کی صاحبزادی شوئتا بچن نندا ہیں۔

واضح رہے کہ شوئتا نے حال ہی میں اپنے والد امیتابھ کے ساتھ پہلی بار ایک زیورات کے اشتہار میں کام کیا ہے۔

ہندوستان ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق امیتابھ کا کہنا تھا، ‘مجھے معلوم ہے کہ وہ اس بات کو تسلیم نہیں کرے گی، لیکن وہ بہت اچھی ہے۔ وہ بہت زبردست نقل اتارتی ہے، جس جگہ بھی ہم جائیں اگر وہاں کوئی واقعہ رونما ہو تو شوئتا ہر ایک کی بالکل ویسی ہی نقل اتارتی ہے۔ وہ بہت اچھی اداکارہ ہے۔ ‘

امیتابھ نے بتایا کہ  شوئتا کیمرے کے سامنے پُر اعتماد تھی، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگرچہ ان کے خاندان میں 4 اداکار (امیتابھ بچن، جیا بچن، ابھیشیک بچن، ایشوریا رائے بچن) موجود ہیں، لیکن ‘حقیقی اداکارہ’ شوئتا ہی ہے۔

دوسری جانب شوئتا کا فی الوقت اداکاری کو کیریئر بنانے کا کوئی پلان نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ، ‘اداکاری کوئی کیریئر نہیں ہے، میں یہ صرف کلیان جیلولرز کی وجہ سے اشتہار میں کام کر رہی ہوں، میرا خیال ہے زیادہ تر خواتین زیورات پہننا پسند کرتی ہیں اور بحیثیت ڈیزائنر مجھے بھی جیولری ڈیزائن کرنے میں مزہ آتا ہے، جبکہ سیٹ پر اپنے والد کے ساتھ پورا دن گزار کر بھی مجھے مزہ آیا۔’