ایف ڈبلیو او پر متعدد حملوں کے بعد سی پیک پر کام کیلئے، لیاری سے بلوچ مزدور بھرتی مہم کا آغاز ۔ذرائع

496

 

بلوچستان میں سی پیک منصوبوں پر کام کرنے کیلئے لیاری اور کراچی کے دیگر بلوچ علاقوں سے ایک ہزار سے زائد بلوچ مزدور بھرتی۔

دی بلوچستان پوسٹ کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق سی پیک منصوبوں پر بلوچ مزاحمتکاروں کے حملوں اور ان میں غیر مقامی مزدوروں کے ہلاکتوں کے بعد اب ان منصوبوں پر کام کرنے کیلئے بھاری تعداد میں لیاری اور کراچی کے مختلف علاقوں سے بلوچ مزدوروں کو بھرتی کرکے بلوچستان لایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں ایف ڈبلیو او اور دیگر ادارے باقاعدہ لیاری میں بھرتی مہم کا آغاز کرچکے ہیں۔

خاص ذرائع کے مطابق آرمی نے گوادر میں سی پیک پر مزدوری کے لیئے ایک ہزار کے قریب بلوچ مزدور بھرتی کرنے کا منصوبہ ترتیب دیا ہے،  جنہیں 22 ہزار تنخواہ اور کھانا پینا اور رہائش مفت فراہم کیا جارہا ہے۔ مزدوروں کو آرمی کی گاڑیوں میں گوادر لے جانے سمیت دیگر مراعات دینے کا اعلان بھی سامنے آیا ہے۔ اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیئے رینجرز بھی متحرک ہے، جو بیروزگار بلوچ نوجوانوں کو رینجر ز کے مختلف کمپنیوں میں لے جاکر ان کے ناموں کا اندراج کر رہے ہیں۔

یاد رہے سی پیک منصوبوں پر کام کرنے والی چائنیز کمپنیوں اور ایف ڈبلیو او کو گوادر سمیت دیگر علاقوں میں بلوچ آزادی پسندوں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے، بلوچ مزاحمتکاروں نے مختلف کاروائیوں میں ایف ڈبلیو او کے متعدد اہلکاروں کو ہلاک اور زخمی کیا ہے۔ اس دوران متعداد حملوں میں ایف ڈبلیو او کے کئی ورکر بھی مارے گئے ہیں، جن کا تعلق زیادہ تر پنجاب سے رہا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس نئے منصوبے کا مقصد بلوچ مزاحمت کاروں کے سامنے بلوچ مزدوروں کو کھڑا کرنا ہے۔