کینیڈین آئس ہاکی ٹیم کی بس حادثے کا شکار، چودہ افراد ہلاک

152

میڈیا رپورٹوں کے مطابق کینیڈا کی جونیئر ہاکی ٹیم کی بس کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں چودہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق اس بس میں کھلاڑیوں سمیت کل اٹھائیس افراد سوار تھے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے کینیڈین پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ صوبے ساسکیچوان میں اس بس کو حادثہ جمعے کے دن اس وقت پیش آیا، جب وہ ایک بڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ پولیس کے مطابق Humboldt Broncos نامی آئس ہاکی کی یہ ٹیم حادثے کا شکار ہونے والی بس میں سوار ہو کر Nipawin Hawks کے خلاف ایک میچ کھیلنے جا رہی تھی۔

جونیئر آئس ہاکی ٹیم کے صدر کیون گارنیگر نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک غیر ’معمولی نقصان‘ قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مشکل وقت میں وہ متاثرہ کھلاڑیوں کے عزیزوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ طبی ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والوں میں سے متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں لکھا، ’’میں سوچ بھی نہیں سکتا کہ ان (کھلاڑیوں) کے والدین کی کیا حالت ہو گی۔ میرا دل اس المناک حادثے سے متاثر ہونے والے تمام افراد کے ساتھ ہے۔‘‘ اس حادثے کے بعد ان کھلاڑیوں کے رشتہ داروں اور دوستوں نے بھی سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے غم کا اظہار کیا۔

حکام نے بتایا کہ یہ حادثہ جمعہ چھ اپریل کے دن مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بجے رونما ہوا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ایک بڑا ٹرک اس بس سے ٹکرا گیا تھا۔ طبی ذرائع کے مطابق اس حادثے کے فوری بعد زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی۔

ہمبولٹ برونکوس نامی آئس ہاکی کلب سن انیس سو ستر میں قائم کیا گیا تھا۔ ریاست ساسکیچوان کے شہر ہمبولٹ کی یہ جونیئر ٹیم علاقائی سطح پر میچ کھیلتی ہے۔ کینیڈا کے مختلف حلقوں میں اس روڈ ایکسیڈنٹ پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا جا رہا ہے کہ کینیڈا میں کھیلوں کی دنیا کے لیے یہ ایک بہت بڑا نقصان ہے۔