دی بلوچستان پوسٹ ویب نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والے اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے دارلحکومت شہر کوئٹہ میں آج ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف ریلی کی صورت میں سول ہسپتال سے وزیراعلی ہاوس کی جانب روانہ ہوئے چونکہ انہیں وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاج کرنا تھا۔
تفصیلات کے مطابق انتظامیہ نے مظاہرین کو وزیراعلی ہاوس جانے سے روک دیا، وزیراعلیٰ ہاوس آنے والے راستے کو پولیس کا ٹرک کھڑا کر کے بند کر دیا اور اضافی نفری بھی طلب کرلی گئی جس کے باعث مظاہرین نے انسکمب روڈ پر کمشنر آفس کے سامنے احتجاج کیا اور کمشنر آفس کے سامنے دھرنا دے دیا۔
یاد رہے کہ ینگ ڈاکٹرز گزشتہ دو ماہ سے اپنے مطالبات کے لیئے سراپا احتجاج ہیں لیکن ابھی تک ان کے مسائل حل نہیں ہوئے جس کی وجہ سے لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنہ ہے۔
19 اپریل کواسمبلی میں ہونے والے اجلاس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ احتجاج کرنے والے ڈاکٹرز کے مسائل حل کرنے کے لیئے کمیٹی بنائی گئی ہے۔