کوئٹہ:ڈی آئی جی کوئٹہ اور سیکٹر کمانڈر ایف سی کا پریس کا نفرنس

236

ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ پولیس ،ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 28 اپریل کو سپلنجی کے علاقے میں مشترکہ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران لشکر جھنگوی کا اہم کمانڈر مقصود احمدمارا گیا، مقصود احمد کا تعلق کراچی کے علاقے منگو پیر سے تھا۔

ڈی آئی جی نے کہا کہ سپلنجی کے علاقے میں اس وقت بھی آپریشن جاری ہے، آپریشن کے دوران ایک ایف سی کا اہلکار زخمی ہوا تھا جو اس وقت سی ایم ایچ میں زیرعلاج ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم تمام کمیونیٹیز کو سیکیورٹی فراہم کریں، جب ایک کمیونٹی متا ثر ہوتی ہے تو اس کے اثرات دوسری کمیونٹی پر بھی پڑتے ہیں۔

ڈی آئی جی کوئٹہ نے کہا کہ موجودہ حا لات کے پیش نظر 2 سو موٹر سائیکل پر پولیس کے اہلکار تعینات کرینگے، حساس علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگا ئے جائیں گے، ہزارہ برادری اور کرسچن کمیونٹی کے لوگوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا اور جہاں ہزارہ برادری کے کاروباری مراکز ہیں وہاں سیکیورٹی کی مزید نفری تعینات کی ہے

ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا کہ جان محمد روڈ کا واقعہ فرقہ ورانہ ہے اور اس واقع سے قبل بھی  ہزارہ برادری کے لوگوں کو ٹارگٹ کیا گیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان واقعات سے لگ رہا ہے کہ کوئی تیسرا فریق واقعات کر کے اپنے مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے۔