کراچی: زیادتی کے بعد بچی کا قتل ،لاش کیساتھ احتجاج

210

(دی بلوچستان پوسٹ – ویب ڈیسک)

کراچی کے علاقے منگھوپیر سے ملنے والی بچی کی لاش لے کر لواحقین نارتھ ناظم آباد میں کٹی پہاڑی پہنچ گئے جہاں انہوں نے سڑک پر لاش رکھ کر مظاہرہ کیا۔

منگھوپیر سے گزشتہ روز بچی کی لاش ملی تھی، جس کے ہمراہ بچی کے لواحقین اور علاقہ مکین نے کٹی پہاڑی کے قریب مظاہرہ کیا۔

مظاہرین نے اس موقع پر کٹی پہاڑی اور نارتھ ناظم آباد کے سنگم پر واقع سڑک کو بھی ٹریفک کے لیے بند کردیا۔

دوسری جانب مظاہرین سے مذاکرات کرنے کے لیے حکام بھی پہنچ گئے، جبکہ پولیس کی بھاری نفری کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے وہاں موجود ہے۔

پولیس کے مطابق 7سالہ مقتولہ بچی کی لاش گزشتہ روز شام کو منگھوپیر کے علاقے میں جھاڑیوں سے ملی تھی، مقتولہ کے جسم پر زخموں کے نشانات موجود تھے۔

بچی کی لاش کو عباسی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ اسے گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا ہے، جبکہ پوسٹم مارٹم رپورٹ میں بچی کے ساتھ زیادتی کی تصدیق کی گئی تھی۔