لیبیا : دو مسلح گروپوں کے تصادم میں 14 ہوائی جہاز تباہ

292

لیبیا میں دو مسلح گروپوں میں ہونے والے تصادم میں 14 ہوائی جہاز تباہ ہوگئے، جن کی مالیت 2 ارب ڈالر بتائی جاتی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں دو مسلح گروپوں کےمابین ہونے والے تصادم کے دوران ہوائی اڈے پر گولہ باری سے 14 سول ہوائی جہاز تباہ ہوگئے ہیں۔

لیبیا کی سرکاری فضائی کمپنی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں جہازوں کے تباہ ہونے کی تصدیق کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ معتیقہ بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب دو مسلح گروپوں میں تصادم ہوا ۔

اس دوران شدید فائرنگ اور گولے و راکٹ داغے گئے جس سے ہوائی اڈے پر کھڑے ایک درجن سے زائد ہوائی جہازوں میں آگ بھڑک اٹھی اور 12 طیارے مکمل طورپر تباہ جب کہ دیگر کو جزوی نقصان پہنچا جس سے ملکی ہوائی کمپنی کو 2 ارب ڈالر کا غیرمعمولی نقصان ہوا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی 2 مسلح گروپوں کے درمیان ہونے والے تصادم کے دوران البراق ایئرلائن کی بوئنگ کمپنی کے 2 ہوائی جہاز گولہ باری سے متاثر ہوئے تھے۔